میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی ، پٹہ سسٹم، متحدہ کے منظور نظر افسران کی جھولی میں ڈالنے کی تیاری

سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی ، پٹہ سسٹم، متحدہ کے منظور نظر افسران کی جھولی میں ڈالنے کی تیاری

ویب ڈیسک
بدھ, ۲۲ مارچ ۲۰۲۳

شیئر کریں

(وقائع نگار خصوصی) سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کی غیر قانونی تعمیرات کا پٹہ سسٹم متحدہ قومی موومنٹ کے منظور نظر افسران کی جھولی میں ڈالنے کی تیاری کرلی گئی ہے، نئے پٹہ سسٹم کو KT سسٹم کا نام دیا جارہا ہے ایس بی سی اے کا افسر عاصم خان اور پرائیویٹ بیٹر فاروق نئے پٹہ سسٹم کو چلائیں گے۔ ماضی میں عاصم خان اور بیٹر فاروق سیٹھ یونس میمن کا ایس بی سی اے میں غیر قانونی تعمیرات کا سسٹم چلاتے تھے، ایس بی سی اے کے KT پٹہ سسٹم نے ڈائریکٹر جنرل کیلئے سابق ڈی جی ایس بی سی اے محمد سلیم رضا کا نام بھی تجویز کردیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق انتہائی باخبر ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی میں غیر قانونی تعمیرات کے موجودہ پٹہ سسٹم کو ختم کرنے کا اصولی فیصلہ کرلیا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ دو سال سے قائم موجودہ سسٹم پیپلز پارٹی کی قیادت کیلئے درد سر بنتا جارہا تھا اہم ذریعے کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی اور متحدہ قومی موومنٹ کے درمیان ہونے والے مذاکرات میں متحدہ قومی موومنٹ نے پیپلز پارٹی سے بعض بلدیاتی اداروں کا کنٹرول مانگا تھا جس میں سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کا کنٹرول بھی شامل تھا اس حوالے سے متحدہ قومی موومنٹ سے تعلق رکھنے والی سندھ کی ایک اعلیٰ سرکاری شخصیت سرگرم عمل تھی موجودہ اعلیٰ سرکاری شخصیت ماضی میں ایک سال کیلئے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کی غیر قانونی تعمیرات کا پٹہ سسٹم چلاچکی ہے اور اس حوالے سے اہم معلومات رکھتی ہے۔ ذریعے کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی نے متحدہ قومی موومنٹ کے اس دیرینہ مطالبہ کو اس طرح تسلیم کیا ہے کہ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی میں غیر قانونی تعمیرات کا پٹہ سسٹم متحدہ قومی موومنٹ اور پیپلز پارٹی مل کر مشترکہ طورپر چلائیں گے اس حوالے سے دونوں سیاسی جماعتوں کے درمیان معاملات بھی طے پاگئے ہیں ذریعے کا کہنا ہے کہ متحدہ کی جانب سے سندھ کی ایک اعلیٰ شخصیت معاملات کی نگراں ہوگی جبکہ پیپلز پارٹی کی طرف سے سابق ایس ایس پی ملیر کے بیٹر محمد فاروق کو ذمہ داریاں دی جائیں گی ذریعے کا کہنا ہے کہ ایس بی سی اے میں غیر قانونی تعمیرات کیلئے پٹہ سسٹم کو KT سسٹم کا نام دیا جارہا ہے ذریعے کا کہنا ہے کہ متحدہ کی اہم سرکاری شخصیت کی طرف سے ایس بی سی اے کے ایک افسر عاصم خان کو ذمہ دار بنائے جانے کی اطلاعات ہیں۔ سینئر بلڈنگ انسپکٹر عاصم خان متحدہ قومی موومنٹ کے ذمہ دار کاشف خان کے بھائی ہیں اور یہ دونوں بھائی 2021ء میں سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی میں سیٹھ یونس میمن کا پٹہ سسٹم چلاچکے ہیں معلوم ہوا ہے کہ کاشف خان ماضی میں متحدہ لندن کا حصہ تھے جب متحدہ لندن پر برا وقت پڑا تو انہوں نے فاروق ستار کی بنائی ہوئی متحدہ بحالی تنظیم میں شمولیت اختیار کرلی اور جب فاروق ستار متحدہ پاکستان میں واپس آئے تو کاشف خان بھی متحدہ پاکستان کا حصہ بن گئے۔ ذرئعے کا کہنا ہے کہ ماضی میں جب عاصم خان اور کاشف خان بدنام زمانہ سیٹھ یونس میمن کا پٹہ سسٹم چلاتے تھے تو اس وقت ان دونوں بھائیوں کی جانب سے قومی سلامتی سے متعلق اداروں کا کھلے عام نام استعمال کیا جاتا تھا جس پر بعض سرکاری اداروں کے افسران کے خلاف اس حوالے سے انکوائریاں بھی ہوئی ہیں یہی وجہ تھی کہ سیٹھ یونس میمن کے اس پٹہ سسٹم کو ایس بی سی اے سے ہٹادیا گیا تھا ذریعے کا کہنا ہے کہ اس وقت سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی میں ماضی کے بدنام افسران کو دوبارہ سسٹم دیا جانا سرکاری اداروں کیلئے سوالیہ نشان ہے۔ اہم ذریعے کا کہنا ہے کہ سینئر بلڈنگ انسپکٹر عاصم خان اور بیٹر فاروق کو ابھی پوری طرح ایس بی سی اے کا پٹہ سسٹم حوالے نہیں کیا گیا ہے لیکن عاصم خان اور فاروق کی جانب سے ضلعوں میں اپنے منظور نظر افسران کو تعینات کرنے کیلئے رابطے تیز کردیئے گئے ہیں معلوم ہوا ہے کہ عاصم خان اور بیٹر فاروق سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی میں اپنا KT پٹہ سسٹم لانے سے قبل سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے موجودہ ڈائریکٹر جنرل اسحاق کھوڑو کو تبدیل کرانا چاہتے ہیں۔ ذریعے دعویٰ کررہے ہیں کہ عاصم خان اور بیٹر فاروق کی جانب سے نئے ڈی جی کیلئے محمد سلیم رضا کا نام دیا گیا ہے معلوم ہوا ہے کہ 2021ء میں جب عاصم خان اور بیٹر فاروق پٹہ سسٹم چلاتے تھے تو اس وقت محمد سلیم رضا ہی سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل تھے ذریعے کا کہنا ہے کہ ایسی اطلاعات ہیں کہ موجودہ پٹہ سسٹم کو جب ایسی اطلاعات ملنے لگیں کہ عاصم خان پٹہ سسٹم کا کنٹرول حاصل کرنے کیلئے فعال ہورہا ہے تو اس کی جانب سے عاصم خان کا تبادلہ اندرون سندھ کرایا گیا لیکن چار دن میں ہی عاصم خان نے اپنا تبادلہ رکوالیا تھا ذریعے کا کہنا ہے کہ ضلع شرقی میں KT پٹہ سسٹم کے عاصم خان نے بلڈروں سے رابطے شروع کردیئے ہیں واضح رہے کہ سینئر بلڈنگ انسپکٹر عاصم خان کی ضلع شرقی میں مضبوط گرفت ہے اور وہ اپنی ملازمت کا طویل عرصہ جمشید ٹائون میں گزار چکے ہیں نمائندہ جرأت نے نئے پٹہ سسٹم کے حوالے سے جب عاصم خان سے رابطہ کرنے کی کوشش کی تو ان کی جانب سے فون اٹینڈ نہیں کیا گیا۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں