کرپٹ مافیا نے سندھ بلڈنگ کو کالونی میں تبدیل کردیا
شیئر کریں
( رپورٹ: جوہر مجید شاہ ) سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کی کرپٹ سسٹم مافیا نے ادارے کو اپنی کالونی میں تبدیل کردیا، ادارے نے سپریم کورٹ کے احکامات کے بر خلاف اقدامات کو پروان چڑھانے میں کوئی کسر نہیں اٹھا رکھی۔ دوسری جانب ریاستی و ادارتی قاعدے قوانین کو بھی سائیڈ لائن لگا رکھا ہے، جبکہ دیگر ملکی طاقتور ادارے جن میں محکمہ انسداد رشوت ستانی اور وفاقی ادارہ محکمہ قومی احتساب بیورو بھی ادارے کی طاقتور سسٹم مافیا کے نکیل ڈالنے میں ناکام رہا ہے۔ سیاسی و افسر شاہی کے طاقتور پروں کے زیر سایہ ادارہ اور سسٹم مافیا دن دگنی رات چوگنی ترقی کی منازل طے کررہا ہے، شہر بھر میں جاری غیرقانونی تعمیرات و تعمیراتی مافیا نے اپنی دکانیں خوب سجا رکھی ہیں اور ہر روز نیا مال نیا سودا فروخت کیلئے تیار، رہائشی پلاٹوں پر غیرقانونی طورپرکمرشل بنیادوں پر تعمیرات کا دھندا اپنی آب وتاب سے جاری ہے۔ ادھر نئے ڈائریکٹر جنرل سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی شمس الدین سومرو غیر قانونی تعمیرات اور کرپٹ آفیسرز کے سامنے محو حیرت ہیںاور خاموشی سے خود بھی اس سسٹم میں ضم ہیں۔ شہر بھر میں رہائشی پلاٹ پر کمرشل فلیٹ،یونٹس،پورشن نما زیر تعمیر غیر قانونی تعمیرات کا سلسلہ ہنوز جاری ہے اور کوئی روکنے ٹوکنے والا نہیں ہے۔ مختلف سیاسی سماجی مذہبی جماعتوں اور شخصیات نے سپریم کورٹ وزیر اعلیٰ سندھ گورنر سندھ وزیر بلدیات سمیت تمام تحقیقاتی اداروں سے اٹھائے گئے حلف اور اپنے فرائض منصبی کے مطابق سخت ترین قانونی و تادیبی کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔