منی لانڈر نگ کیس ، آصف زرداری سمیت دیگر ملزمان پر فرد جرم کی کارروائی موخر
شیئر کریں
احتساب عدالت نے پارک لین اور میگا منی لانڈرنگ کیس میں آصف زرداری سمیت دیگر ملزمان پر فرد جرم کی کارروائی موخر کردی۔ بدھ کو احتساب عدالت اسلام آباد کے جج محمد اعظم خان نے میگا منی لانڈرنگ کیس کی سماعت کی۔ فریال تالپور، عبد الغنی مجید، عدیل راشدی سمیت دیگر ملزمان عدالت میں پیش ہوئے جبکہ سابق صدر آصف زرداری اور انور مجید پیش نہ ہوئے ۔جج نے آصف زرداری کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرتے ہوئے استفسار کیا کہ فرد جرم عائد کی جانی ہے ، شریک ملزم انور مجید کہاں ہیں؟ وکیل نے بتایا کہ انور مجید کراچی کے ہسپتا ل میں ہیں اور ان کی میڈیکل رپورٹس موجود ہیں۔نیب پراسکیوٹر نے استدعا کی کہ ہم نے ریفرنس دائر کر رکھا ہے ، ملزمان پر فردجرم عائد کی جائے ۔ فاروق نائیک نے اعتراض کیا کہ عبوری ریفرنس پر فردِ جرم عائد نہیں کی جا سکتی۔ عدالت نے سابق صدر آصف علی زرداری سمیت دیگر ملزمان پر فرد جرم کی کارروائی موخر کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر نیب کو انور مجید کو ایئرایمبولینس کے ذریعے عدالت لانے کی ہدایت کی اور کیس کی سماعت 11فروری تک ملتوی کردی۔