اقربا پروری، شہباز شریف اگلے وزیراعظم نامزد، نوازشریف نے بڑا اعلان کردیا
شیئر کریں
رائے ونڈ (مانیٹرنگ ڈیسک،ایجنسیاں ) مسلم لیگ نون کے وزیر اعظم کا آئندہ امیدوار کون ہو گا؟ نواز شریف نے جاتی امراء کے اجلاس میں بڑا اعلان کر دیا۔ سابق وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ آئندہ انتخابات میں مسلم لیگ نون کے وزارت عظمیٰ کے امیدوار شہباز شریف ہوں گے۔نواز شریف نے کہا کہ شہباز نے تیز رفتار ترقی کے و یژن سے خود کو منوایا، ان کی محنت اور کارکردگی کا تقاضا ہے کہ وہ مزید آگے آئیں۔ نواز شریف نے کہا کہ کسی ایشو پر اختلاف رائے شہباز شریف کا حق ہے، مگر انہوں نے کبھی پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی نہیں کی۔نواز شریف نے یہ بھی کہا کہ بعض اوقات نہ چاہتے ہوئے بھی چھوٹے بھائی کی بات ماننی پڑتی ہے، تاہم شہباز شریف نے تمام زندگی انہیں مایوس نہیں کیا اور نہ ہی وہ کبھی ان کے کسی عمل سے شرمندہ ہوئے۔سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ صدر مسلم لیگ نون کے اس اعلان کے بعد سیاسی حلقوں میں سابق وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ پنجاب کے مابین مبینہ اختلافات سے متعلق گردش کرنے والی افواہیں دم توڑ جائیں گی اور اس کا پارٹی پر مجموعی طور پر مثبت اثر مرتب ہو گا،جبکہ بعض سیاسی مبصرین کے مطابق نوازشریف نے شہباز شریف کو اگلا وزیر اعظم نامزد کرکے اقرباء پروری کا مظاہرہ کیا ہے جس سے سینئر پارٹی رہنمائوں میں بد دلی پھیلے گی اور ن لیگ مزید ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوگی۔