ڈینگی نے پشاور پر حملہ کردیا، 900مریض اسپتالوں میں داخل
شیئر کریں
پشاور (بیورو رپورٹ) پشاور میں ڈینگی وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 900 سے تجاوز کر گئی ہے ٗ شہر کے مختلف ہسپتالوں میں ڈیڑھ سو سے زیادہ افراد تاحال زیر علاج ہیں۔پشاور میں ڈینگی وائرس سے متاثرہ افراد کو خیبرٹیچنگ ہسپتال اور حیات آباد میڈیکل کمپلیکس میں علاج معالجے کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔خیبرٹیچنگ ہسپتال انتظامیہ کے مطابق جولائی سے اب تک 5 ہزار 78 مریضوں کی اسکریننگ کی گئی جس میں 862 میں ڈینگی کی تصدیق ہوئی ۔ہسپتال میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 75 ڈینگی سے متاثرہ مریضوں کو لایاگیا۔ ہسپتال انتظامیہ کے مطابق ہسپتال میں 142 مریض تاحال زیر علاج ہیں۔حیات آباد میڈیکل کمپلیکس میں ڈینگی کے 38 مریضوں کو داخل کرایا گیاجن میں سے 14 تاحال زیر علاج ہیں۔ خیبرپختونخوا میں ڈینگی کے خلاف حکومت پنجاب سرگرم ہوگئی ۔ پنجاب کے وزیر صحت میڈیکل ٹیم کے ہمراہ تہکال میں موجود رہے ۔ میڈیا پر کے پی وزیرصحت کا فون نہ سننے کا شکوہ کرنے کے بعد شہرام ترکئی نے رابطہ کرکے پنجاب حکومت سے سہولت لینے پر آدگی ظاہر کی ۔ محکمہ صحت پنجاب کی ٹیم نے فاٹا سیکریٹریٹ کابھی دورہ کیا، ٹیم خیبرایجنسی کابھی دورہ کریگی اورفاٹا کے ڈاکٹروں کوانسدادڈینگی کے حوالے سے تربیت دیگی ۔حکومت پنجاب کی جانب سے پشاور میں ڈینگی سے سب سے زیادہ متاثرہ علاقہ تہکال میں میڈیکل کیمپ لگا دیا گیا ہے ۔ موبائل ہیلتھ یونٹ میں دو سو سے زائد افراد کا معائنہ کیا گیا جن میں سے بیس افراد میں ڈینگی کی تصدیق ہوئی ۔ جنہیں اسپتال ریفر کردیا گیا۔ پنجاب کے وزیرصحت خواجہ عمران نذیر نے بھی تہکال کا دورہ کیا ۔ میڈیکل کیمپ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انکا کہنا تھا کہ سیاست کے لیے نہیں دکھی انسانیت کی خدمت کے لیے آئے ہیں، لیکن کے پی حکومت تعاون کے لیے تیار نہیں ۔ انہوں نے میڈیا پر صوبائی وزیرصحت شہرام ترکئی سے فون موصول نہ کرنے کا شکوہ کیا۔ میڈیا پر خبر چلنے کے بعد شہرام ترکئی کی جانب سے وزیرصحت پنجاب سے رابطہ کیا گیا جس میں انہوں نے پنجاب حکومت سے ڈینگی پر قابو پانے کے لیے سہولت لینے پر آمادگی ظاہر کی۔