میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
حکمرانوں کی شاہ خرچیاں، وزیراعلیٰ مراد شاہ نے ڈیڑھ ارب پھونک دیے

حکمرانوں کی شاہ خرچیاں، وزیراعلیٰ مراد شاہ نے ڈیڑھ ارب پھونک دیے

جرات ڈیسک
منگل, ۲۱ جولائی ۲۰۲۶

شیئر کریں

ممبران سندھ اسمبلی نے 3 ارب 44 کروڑ، وزراء نے 24 کروڑ روپے خرچے

سی ایم ہیلی کاپٹر کے سفر پر 28کروڑ روپے خرچ، غیر ترقیاتی بجٹ کا سو فیصد خرچ

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

سندھ میں حکمرانوں کی شاہ خرچیاں اور عوام کو کفایت شعاری کے مشورے ، گذشتہ مالی سال میں وزیراعلیٰ ہاؤس، خاص معاونین، ایڈوائزرز نے غیر ترقیاتی بجٹ کا سو فیصد یعنی ایک ارب50کروڑ روپے خرچ کردیے،

سندھ اسمبلی کے ممبران نے 3 ارب 44 کروڑ، وزراء نے 24 کروڑ اور سی ایم ہیلی کاپٹر کے سفر پر 28کروڑ روپے خرچ کر دیئے گئے۔

جرأت کی رپورٹ کے مطابق پیپلزپارٹی کی حکومت سندھ اور وزیراعلیٰ سید مراد علی شاہ امریکا ایران جنگ کے بعد کفایت شعاری کے نام پر حکومتی اخراجات میں کمی کے اعلان کرتے رہے لیکن حکومت سندھ کے وزیراعلیٰ، خاص معاونین اور صلاح کاروں نے گزشتہ مالی سال میں غیر ترقیاتی بجٹ کا سو فیصد خرچ کردیا ہے۔

وزیراعلیٰ ہاؤس کو گزشتہ مالی سال میں غیر ترقیاتی بجٹ کی مد میں ایک ارب 22کروڑ 80لاکھ روپے جاری ہوئے اور وزیراعلیٰ ہاؤس نے بجٹ سے زیادہ ایک ارب 23کروڑ روپے خرچ کردیئے ہیں۔ جبکہ وزیراعلیٰ سندھ کے اسپیشل اسسٹنٹ اور ایڈوائزرز کو 27 کروڑ 20 لاکھ روپے جاری ہوئے لیکن وہ بھی پیچھے نہ رہے اور اپنے وزیراعلیٰ کے اخراجات کی پیروی کرتے ہوئے 27کروڑ 40 لاکھ روپے خرچ کردیے۔

سندھ کے وزراء کو گزشتہ مالی سال میں غیر ترقیاتی بجٹ کی مد میں 28کروڑ 60 لاکھ روپے جاری ہوئے جس میں سے صوبائی وزراء نے 24کروڑ 70 لاکھ روپے خرچ کئے جوکہ مجموعی بجٹ کا 86فیصد ہے ۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کے ہیلی کاپٹر کے لئے 35کروڑ 50لاکھ روپے جاری ہوئے ، ہیلی کاپٹر کے سفری اخراجات پر 28کروڑ 80لاکھ روپے خرچ کئے گئے جو کہ مجموعی بجٹ کا 80فیصد ہے۔

سندھ اسمبلی کے ممبران کو مختلف مراعات کی مد میں 4ارب 10کروڑ روپے جاری کئے گئے جس میں سے حکمران جماعت اور حزب اختلاف کے ایم پی ایز نے 3ارب 44 کروڑ روپے خرچ کئے ہیں جو کہ مجموعی بجٹ کا 83 فیصد ہے۔

سندھ کیمپ آفس اسلام آباد کے لئے غیر ترقیاتی بجٹ کی مد میں 30کروڑ 70لاکھ روپے جاری کئے گئے جس میں سے 25کروڑ 30 لاکھ روپے خرچ کئے گئے ہیں جو کہ مجموعی بجٹ کا 82 فیصد ہے ۔

(رپورٹ: علی آزاد)


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں