میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
شادی میںنمودونمائش.... وزیر اعظم نواز شریف کے لیے آزمائش

شادی میںنمودونمائش.... وزیر اعظم نواز شریف کے لیے آزمائش

ویب ڈیسک
منگل, ۲۱ مارچ ۲۰۱۷

شیئر کریں

اخبارات میں شائع ہونے والی خبروں کے مطابق گزشتہ روزملتان میں اپنی نوعیت کی ایک انوکھی شادی ہوئی، جس میںحکمراںجماعت (ن) لیگ کے یونین کونسل کے چیئرمین نے اپنے بھتیجے کی شادی پر پیسہ پانی کی طرح بہایا اور دولہا کو ایک اعتبار سے سونے میںلاد کر دلہن کے گھر لائے ۔خبر کے مطابق اشرف آباد میں (ن) لیگ کے یونین کونسل چیئرمین شیخ ندیم اکبر نے اپنے بھتیجے عرفان کی شادی پر نہ صرف پیسہ پانی کی طرح بہایا بلکہ اس شادی میں ایسی انوکھی چیزیں بھی دیکھنے میں آئیں، جنہیں دیکھ کر لوگ حیران رہ گئے۔ شادی کے لیے دولھا کی بارات اس دھوم دھام سے گئی کہ دولھا کی کرسی شیر کے پنجرے کے اوپر رکھی گئی تھی جس پردولھا میاں براجمان تھے۔ جب کہ دولہے نے سرپر سونے کا تاج سجایا ہوا تھا اور شیروانی بھی سونے سے لدی ہوئی تھی۔اس مہنگی شادی میں ہزاروں افراد کو مدعو کیا گیا تھا اور باراتی، شادی میں پیسے کی بارش کررہے تھے، جب کہ موسیقی کے لیے سائیں ظہور نے اپنی آواز کا جادو جگایا۔ خبر کے مطابق شادی میں جہاںدُولہا والوں نے پیسہ پانی کی طرح بہایا وہیں دُلہن والے بھی کسی سے پیچھے نہیںتھے۔ انہوں نے اپنی بیٹی کو 5 کروڑ روپے کا جہیز دیا جس میں گاڑی، دولہاکے بھائیوں کے لیے موٹر سائیکلیںاور سونے کی 3 درجن انگوٹھیاں شامل تھیں۔
حکمران جماعت مسلم لیگ (ن) کے چیئرمین کے بھتیجے کی شادی کی یہ تقریب اس ملک کے ان 98 فیصد لوگوں کے منہ پر ایک طمانچے کی حیثیت رکھتی ہے،جس ملک میں عوام کی اکثریت کے لیے جسم وجان کارشتہ برقرار رکھنا مشکل ہورہاہے۔ جس ملک میں غربت کی نچلی ترین لکیر پر رہنے والے لوگوں کی تعداد میں روزبروز اضافہ ہورہاہو،اس ملک کی حکمراں پارٹی کی جانب سے امارت کی اس نمائش کو غریبوں کا منہ چڑانے کی کوشش کے سوا اور کیا نام دیاجاسکتاہے۔ اس حوالے سے یہ بات خوش آئند ہے کہ انٹیلی جنس اور لینڈ ریونیو نے ملک کی اس مہنگی ترین شادی کی خبروں کانوٹس لیا ہے اور انٹیلی جنس اور لینڈ ریونیو کی انکوائری ٹیموں نے شادی میں پانی کی طرح پیسہ بہانے کی تحقیقات شروع کر دی ہے۔ اور روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ اعلیٰ حکام کو بھجوائی جا رہی ہے۔ ٹیکس حکام نے دولہا عرفان شیخ کے والد اصغر شیخ اور دلہن کے بھائی ناصر پہلوان کے بینک اکاو¿نٹس کی تفصیلات بھی طلب کرلی ہیں ، جب کہ دونوں اطراف کی جائیداد، کاروبار، آمدنی کے ذرائع، منقولہ و غیر منقولہ سکنی و زرعی جائیداد کی تحقیقات بھی شروع کر دی گئی ہےں۔
پاکستان جیسے ملک میں جہاں لاکھوں بیٹیا ں محض جہیز نہ ہونے کی وجہ سے ہاتھ پیلے ہونے کے انتظار میں بال سفید کرلیتی ہیں، جہاں کم آمدنی والے لوگ اپنی بیٹیوں کی شادیوں کے لیے بھاری شرح سود پر قرض لینے اور بعض اوقات اپنے گردے تک بیچنے پر مجبور ہوتے ہیں ، حکومت کی جانب سے جہیز پر پابندی کے باوجود سرِ عام اس نوعیت کے جہیز اور دھوم دھام کا خود سربراہ حکومت یعنی وزیر اعظم نواز شریف کو نوٹس لینا چاہیے تھا ،اپنی دولت کی اس طرح نمائش کرنے والے اپنی جماعت سے تعلق رکھنے والے یونین کونسل کے چیئرمین کو نہ صرف یہ کہ فوری طورپر پارٹی سے نکال باہر کرنا چاہیے تھا بلکہ ان کی آمدنی، اور ان کی اور ان کے خاندان کی جانب سے قومی خزانے میں جمع کرائے گئے ٹیکسوں کی تفصیلات طلب کرنا چاہئیں تھیں تاکہ وہ عوام کو بتاسکتے کہ اپنی دولت کی نمائش کرنے والے عوام کے یہ خادم قومی خزانے میں کتنا ٹیکس جمع کراتے رہے ہیں اور انہوں اپنے بھتیجے کی شادی پر اس طرح لٹانے کے لیے دولت کس طرح جمع کی ہے۔ اگر بالفرض محال انہوں نے اپنے بھتیجے کی شادی پر جو رقم خرچ کی ہے وہ ان کی جائز کمائی کی بھی تھی تو بھی شادی کے موقع پر دولت کی اس طرح نمود ونمائش جہیز اور شادی پر اخراجات کے حوالے سے مروجہ قوانین کی صریح خلاف ورزی ہے جس پر قید اور جرمانے دونوں کی سزائیں دی جاسکتی ہیں۔
اگرچہ اس حوالے سے انٹیلی جنس اور لینڈ ریوینو سے متعلق ادارے نے تحقیقات کاآغاز کردیا ہے لیکن ضرورت اس بات کی ہے کہ یہ ادارے اس حوالے سے اپنی رپورٹیں روزانہ کی بنیاد پر اعلیٰ افسران کو بھیجنے کے ساتھ ہی اسے اخبارات اورچینلز کوبھی فراہم کریں تاکہ عوام کو بھی حقائق کاعلم ہوسکے اور ارباب اختیار اپنے ایک رہنما کو جو یقیناً پارٹی کو بھی بھاری عطیات دیتے ہوں گے، پارٹی کے لیے ان کی ان خدمات کے عوض انہیں بچانے اور معصوم ثابت کرنے کی کوشش نہ کرسکیں اور ملک کے غریب اور کم وسیلہ افراد کا منہ چڑانے والے اس طرح کے لوگوں کا کڑا احتساب کیاجاسکے۔
اب عوام کو اس بات کاانتظار ہے کہ خود کو عوام کاخادم اور انتہائی دیانتدار ثابت کرنے والے ہمارے وزیر اعظم اپنی پارٹی کے اس رہنما کے خلاف کیاقدم اٹھاتے ہیں ، اور شادیوں کے نام پر دولت کی اس طرح نمائش کرنے والوں کی بیخ کنی کے لیے کیا اقدامات کیے جاتے ہیں۔شادی میں نمودونمائش کا یہ واقعہ وزیر اعظم نواز شریف کے لیے ایک آزمائش کی حیثیت رکھتاہے اور پورے ملک کے عوام کی نظریں اب ان کی جانب لگی ہوئی ہیں۔
امید کی جاتی ہے کہ وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف اپنے ایک فرد کو بچانے کے لیے اپنی اوراپنی پوری پارٹی کی ساکھ داﺅ پر لگانے کے بجائے اس طرح کے فرد کو فوری طور پارٹی سے باہر نکالنے اوراس کے خلاف کسی رعایت کے بغیر کارروائی کا حکم دے کر اپنی اوراپنی پارٹی کی شفافیت ثابت کرنے کے ساتھ ایک اچھی مثال قائم کرنے کی کوشش کریں گے۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں