میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
چیف جسٹس انتخابی نتائج کالعدم قرار دیں،حافظ نعیم

چیف جسٹس انتخابی نتائج کالعدم قرار دیں،حافظ نعیم

ویب ڈیسک
بدھ, ۲۱ فروری ۲۰۲۴

شیئر کریں

امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے چیف جسٹس آف پاکستان سے اپیل کی ہے کہ انتخابات کے جعلی نتائج کو کالعدم قراردے کر سوموٹو ایکشن لیں اور فارم 45کے مطابق نتائج جار ی کیے جائیں،ہم جعلی مینڈیٹ کے خلاف سپریم کورٹ بھی جائیں گے،عدالتی کمیٹی قائم کر کے کراچی کے ایک ایک پولنگ بوتھ کا فارنزک آڈٹ کیا جائے اور جو لوگ بھی اس کے ذمہ دار ہیں انہیں فکس کیا جائے،اگر صرف فارم 45کو بنیاد بناکر جعلی فارم 47کا موازنہ کیا جائے تو پوری قوم کے سامنے انتخابات کی حقیقت کھل جائے گی،جماعت اسلامی کے تحت 24فروری ہفتہ کے دن نمائش تا ایم اے جناح روڈ جعلی نتائج نامنظورریلی نکالی جائے گی۔ایم کیوا یم کراچی اور سندھ کے عوام کی جانب سے ریجیکٹڈ پارٹی ہے جن لوگوں نے انہیں کراچی کے عوام پر مسلط کیاہے ان کے خلاف کاروائی کی جائے،ہم انٹرمیڈیٹ کے گیارہویں جماعت کے نتائج پر بنائی گئی کمیٹی کی رپورٹ اوراس میں تمام نشاندہیوں کو صحیح سمجھتے ہیں،اس میں جن لوگوں کو ذمہ دار قرار دیا گیا ہے اس میں سے صرف ایک کو معطل کیا گیا، نتائج سے واضح طور پر پتا چل گیا کہ سارا معاملہ بورڈ انتظامیہ کی ناہلی کا ہے تو پھر گریس مارکس دینے کے بجائے انٹر میڈیٹ کے نتائج کو منسوخ کرکے بارہویں جماعت کے نتیجہ پر پرکھا جائے تاکہ انٹر میڈیٹ کے طلبہ و طالبات ایم ڈی کیٹ اور انجینئرنگ میں داخلہ کے اہل ہوسکیں۔جماعت اسلامی کراچی کے سرکاری اداروں کو کرپٹ لوگوں کے ہاتھوں میں نہیں چھوڑسکتی، ہم کراچی کے طلبہ و طالبات کے لیے آئینی،قانونی اور جمہوری جدوجہدکریں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ادارہ نورحق میں الیکشن کمیشن کی نا اہلی و ناکامی،دھاندلی زدہ انتخابات،عوامی مینڈیٹ پر قبضے،غزہ میں ایک بار پھر اسرائیل کی بدترین دہشت گردی اور کراچی میں انٹر میڈیٹ کے نتائج میں ردو بدل کے حوالے سے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر نائب امرا جماعت اسلامی کراچی ڈاکٹر اسامہ رضی، سیف الدین ایڈوکیٹ،رکن سٹی کونسل قاضی صدر الدین اورسیکریٹری اطلاعات زاہد عسکری بھی موجود تھے۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں