پرونشل بلڈنگ حیدرآبادگریڈ ون کا ملازم سب انجینئر بن گیا
شیئر کریں
(رپورٹ :شاہنواز خاصخیلی) پروانشل بلڈنگ حیدرآباد، گریڈ 1 کا ملازم گریڈ 11 میں سب انجینئر بن گیا، اینٹی کرپشن نے تحقیقات شروع کردیں، سروس ریکارڈ طلب، 2012 میں ہیلپر کے طور پر بھرتی ہونے والے عاشق ڈاوچ کو غیرقانونی طور پر ترقیاں دی گئیں، شعبہ ہیلتھ کے تمام ترقیاتی کام بھی عاشق ڈاوچ کو سونپ دیے گئے۔ تفصیلات کے مطابق اینٹی کرپشن نے محکمہ ورکس اینڈ سروسز کے بااثر سب انجینئر کے خلاف تحقیقات شروع کردی ہیں۔ ذرائع کے مطابق محکمہ ورکس اینڈ سروسز کے شعبہ پروانشل بلڈنگ میں عاشق ڈاوچ 2012 میں گریڈ 1 میں ہیلپر کے عہدے پر بھرتی ہوئے، 6 مہینے کے اندر 2013 میں اسے گریڈ 4 ورک مستری جبکہ کچھ ہی عرصے کے بعد اسے گریڈ 11 میں سب انجینئر کے عہدے پر ترقی دے دی گئی۔ بااثر سب انجینئر عاشق ڈاوچ کو حیدرآباد سمیت مٹیاری میں بھی محکمہ صحت کے تمام ترقیاتی کاموں کی نگرانی بھی سونپ دی گئی ہے، اینٹی کرپشن نے غیرقانونی ترقیوں پر تحقیقات شروع کرکے ایگزیکٹو انجینئر سے سروس ریکارڈ طلب کرلیا ہے۔ذرائع کے مطابق سب انجینئر عاشق ڈاوچ پراونشل بلڈنگ کے اہم افسر کے چہیتے ہیں۔اس سلسلے میں روزنامہ جرأت کی جانب سے سب انجینئر عاشق ڈاوچ سے موقف لینے کیلئے متعدد بار کالز اور میسجز کئے گئے، لیکن انہوں نے موقف نہیں دیا۔