میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
ٹک ٹاک صارفین جلد ڈائریکٹ میسجز کے ذریعے دوستوں کو رقم بھیج سکیں گے

ٹک ٹاک صارفین جلد ڈائریکٹ میسجز کے ذریعے دوستوں کو رقم بھیج سکیں گے

جرات ڈیسک
جمعرات, ۲۰ اگست ۲۰۲۶

شیئر کریں

ٹک ٹاک پے کے ذریعے رقم کی منتقلی کی سہولت متعارف کرانے پر کام جاری، فیچر ابتدائی مراحل میں

………………………….

مقبول ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم ٹک ٹاک صارفین کے لیے جلد اپنے دوستوں اور دیگر صارفین کو ڈائریکٹ میسجز کے ذریعے رقم بھیجنے کی سہولت متعارف کراسکتا ہے۔بلومبرگ کی رپورٹ کے مطابق ٹک ٹاک کی جانب سے ایسے فیچر پر کام کیا جارہا ہے جس کے ذریعے صارفین ڈائریکٹ میسجز میں ایک دوسرے کو رقم منتقل کرسکیں گے۔

یہ سہولت کمپنی کی ٹک ٹاک پے سروس کے ذریعے فراہم کیے جانے کا امکان ہے۔رپورٹ کے مطابق ٹک ٹاک پے پہلے ہی جنوب مشرقی ایشیا میں ٹک ٹاک شاپ کے ذریعے خریداری کے لیے دستیاب ہے، تاہم نئے فیچر کے ذریعے اس سروس کا دائرہ کار براہ راست صارفین کے درمیان رقم کی منتقلی تک بڑھایا جاسکتا ہے۔ٹک ٹاک ایپ کے آئی فون ورڑن میں امریکا میں موجود کوڈ سے اس ممکنہ فیچر کے حوالے سے اشارے ملے ہیں۔

کوڈ کے جائزے سے معلوم ہوتا ہے کہ رقم بھیجنے والا صارف ادائیگی کے ساتھ ایک پیغام بھی شامل کرسکے گا۔تاہم کمپنی نے واضح کیا ہے کہ فی الحال اس فیچر کی آزمائش نہیں کی جارہی، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ منصوبہ ابھی ابتدائی مرحلے میں ہے۔ اسی وجہ سے یہ کہنا قبل از وقت ہوگا کہ صارفین کے لیے رقم کی منتقلی کی سہولت کب اور کن ممالک میں دستیاب ہوگی۔

واضح رہے کہ ٹک ٹاک کی جانب سے مالیاتی خدمات کے شعبے میں پیش رفت کا یہ پہلا اقدام نہیں۔ 2026 کے آغاز میں سامنے آنے والی ایک رپورٹ کے مطابق ٹک ٹاک نے برازیل کے مرکزی بینک میں بطور مالیاتی ٹیکنالوجی کمپنی درخواست بھی جمع کرائی تھی، تاکہ صارفین کو قرض اور ادائیگی کی خدمات فراہم کی جاسکیں۔

ٹک ٹاک بنیادی طور پر سوشل میڈیا پلیٹ فارم ہے، تاہم کمپنی گزشتہ کچھ عرصے کے دوران سرچ، ٹک ٹاک شاپ، ڈسکوری میپ، گیمز اور ہوٹل بکنگ سمیت مختلف شعبوں میں اپنی خدمات کا دائرہ وسیع کر رہی ہے۔

ماہرین کے مطابق اگر ڈائریکٹ میسجز کے ذریعے رقم کی منتقلی کا فیچر متعارف کرایا جاتا ہے تو ٹک ٹاک مالیاتی خدمات کے میدان میں بھی اپنی موجودگی مضبوط کرنے کی کوشش کرے گا اور اس شعبے میں موجود دیگر ڈیجیٹل ادائیگی پلیٹ فارمز کے ساتھ مقابلہ کرسکے گا۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں