مفرور سابق صدر نے یو اے ای میں پناہ لے لی
شیئر کریں
افغانستان سے فرار ہونے والے صدر اشرف غنی نے متحدہ عرب امارات میں پناہ لی ہے ،یو اے ای وزارت خارجہ نے تصدیق کر تے ہوئے کہا کہ متحدہ عرب امارات نے انسانیت کی بنیاد پر صدر اشرف غنی اور ان کے خاندان کا ملک میں خیرمقدم کیا ہے۔ واضح رہے کہ اشرف غنی کابل پر طالبان کے کنٹرول کے بعد ملک سے فرار ہوگئے تھے۔پہلے کہا گیا تھا کہ وہ تاجکستان چلے گئے ہیں لیکن تاجکستان نے اس کی تردید کردی تھی۔رشید دوستم کی بیٹی نے دعوی کیا تھا کہ اشرف غنی کا طیارہ تاجکستان کی جانب گیا ہے۔ لیکن تاجک حکومت نے تردید کی تھی۔بعدازاں اشرف غنی کی عمان میں جانے کی بھی اطلاعات موصول ہوئیں مگر عمان نے بھی ان کے آنے کی تردید کردی۔کابل سے فرار ہونے کے بعد سابق صدر نے فیس بک پر بیان دیا تھا کہ انہوں نے خون خرابہ روکنے کے لیے ملک چھوڑا۔دوسری تاجکستان میں قائم افغان سفارتخانے نے انٹرپول سے کہا ہے کہ وہ اشرف غنی کی گرفتاری میں مدد فراہم کرے۔سفارتخانے نے انٹرپول سے اپیل کی ہے کہ وہ ملکی دولت لوٹ کر فرار ہونے والے اشرف غنی سے ملکی دولت واپس دلوائے۔روسی ذرائع نے اس ضمن میں دعوی کیا تھا کہ اشرف غنی ملک سے جاتے ہوئے چار گاڑیوں اور ایک ہیلی کاپٹر کو ڈالروں سے بھر کر اپنے ہمراہ لے گئے ہیں جب کہ جگہ نہ ہونے کی وجہ سے انہیں بہت بڑی تعداد میں امریکی ڈالرز پھینکنا بھی پڑے تھے۔