محکمہ اطلاعات، جیکب آباد آفس اکاؤنٹ سے رقم چوری ہونے کا انکشاف
شیئر کریں
(نمائندہ جرأت) محکمہ اطلاعات جیکب آباد کے بجٹ سے رقم چوری ہونے کا انکشاف ہوا ہے ، اکاؤنٹ میں مختلف اخراجات کے لیے پڑی رقم سے 4اور 19نومبر کو 2 لاکھ 21ہزار 4سو 84روپے نکال لیے گئے ، عدالت سے مسلسل تبادلوں پر اسٹے آرڈر لینے والے ڈپٹی ڈائریکٹر نے اینٹی کرپشن سمیت دیگر حکام کو خط لکھنے کا فیصلہ کیاہے ۔ روزنامہ جرأت کی رپورٹ کے مطابق محکمہ اطلاعات کے ضلعی افس جیکب آبادمیں اسٹیشنری، پرنٹنگ اینڈ پبلی کیشن، کتب، اخبارات،ٹرانسپورٹ، مشینری، فرنیچر، آفس رینٹ، سفری الاؤنس سمیت دیگر اخراجات کی مد میں آنے والے بجٹ سے دو لاکھ روپے سے زائد رقم چوری ہونے کا معاملہ سامنے آیا ہے ، جبکہ محکمہ اطلاعات کے ضلعی آفس میں تعینات ڈپٹی ڈائریکٹر میر عالم جوکھیو عدالت سے اسٹے آرڈر لے چکا ہے ، حکام کی جانب سے مختلف طریقوں سے تنگ کرنے و مسلسل تبادلوں کے خلاف میر عالم جوکھیو کادائر کردہ کیس سندھ سروس ٹربیونل میں زیر سماعت ہے ، جس میں چیف سیکریٹری، سیکریٹری اطلاعات سمیت دیگرکو فریق بنایا گیا ہے ، عدالت نے 14اکتوبر کو کارروائی کے بعد سماعت 13نومبر تک ملتوی کی، اس ضمن میں ڈپٹی ڈائریکٹر میر عالم جوکھیو کا کہنا ہے کہ تبادلوں کے خلاف اسٹے آرڈر لیا ہے ، کیس عدالت میں ہے ، اکاؤنٹ میں مختلف اخراجات کے لیے پڑے بجٹ سے کچھ رقم نکال لی گئی ہے ، معاملے کی تحقیقات کے لیے اینٹی کرپشن، محکمہ اطلاعات سندھ کے اعلیٰ حکام سمیت دیگر متعلقہ حکام کو خط لکھا جائے گا۔