کراچی میں ڈینگی وبائی شکل اختیار کرگیا،بسترکم ،مریض زیادہ
شیئر کریں
شہر کے مختلف سرکاری اسپتالوں میں 32 مریضموجود ہیں، کورونا وارڈزڈینگی آئیسولیشن تبدیل کیا جائے گا
وارڈز کو ڈینگی مریضوں کیلئے مختص کرنے سے قبل صفائی اور فیومی گیشن کروائی جائے گی،ڈائریکٹرہیلتھ کراچی
کراچی(اسٹاف رپورٹر)سندھ حکومت نے کراچی میں بڑھتے ڈینگی وائرس کے کیسز اور اسپتالوں میں مریضوں کی بڑھتی تعداد پر کرونا وارڈز کو ڈینگی آئیسولیشن وارڈز میں تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔کراچی بھر میں ڈینگی وائرس کے بڑھتے کیسز پر محکمہ صحت سندھ نے کرونا وارڈز کو ڈینگی آئیسولیشن وارڈز میں تبدیل کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔شہر میں ڈینگی وبائی صورت اختیار کرچکا ہے جس کی وجہ سے اسپتالوں میں ڈینگی کے مریضوں کو داخل کرنے کی مزید گنجائش نہیں۔سنجیدہ صورت حال کے پیش نظر ڈائریکٹر ہیلتھ کراچی ڈاکٹر عبدالحمید جمانی نے کہاکہ وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو کی ہدایت پر کرونا وبا کے دوران بنائے گئے ہائی ڈیپینڈنسی یونٹس (ایچ ڈی یوز) کو ڈینگی آئیسولیشن وارڈ میں تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔واضح رہے کہ اس وقت کراچی کے مختلف سرکاری اسپتالوں میں 32 ایچ ڈی یوز موجود ہیں، جنہیں ڈینگی آئیسولیشن وارڈ میں تبدیل کیا جائے گا۔متعلقہ وارڈز کو ڈینگی مریضوں کیلئے مختص کرنے سے قبل وارڈز کی صفائی اور فیومیگیشن کروائی جائے گی اور ان میں نیٹس لگائے جائیں گے۔ مریضوں کیلئے ان وارڈز میں بیڈز کے ساتھ مچھر دانیاں، ضروری دوائیں کے لیے ہدایات اور عملہ تعینات کرنے کے احکامات دے دیئے گئے ہیں۔