
بھارتی حمایت یافتہ دہشتگرد بلوچستان کو نقصان نہیں پہنچا سکتے(ترجمان پاک فوج)
شیئر کریں
آپریشن بنیان مرصوص میں طلبہ نے کلیدی کردار ادا کیا، بھارتی اسٹریٹجک مفروضوں کو ہمیشہ کیلئے زمین بوس کر دیا
ڈی جیلیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کا کراچی یونیورسٹی کا دورہ، انتظامیہ اور طالبات نے پرجوش استقبال کیا
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے بھارت کے خلاف آپریشن میں پاکستانی عوام کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ ”آپریشن بنیان مرصوص” میں پاکستانی عوام بالخصوص طلبا و طالبات نے کلیدی کردار ادا کیا اور بھارتی اسٹریٹجک مفروضوں کو ہمیشہ کے لیے زمین بوس کر دیا۔ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے جناح یونیورسٹی برائے خواتین کراچی کا دورہ کیا۔ یونیورسٹی آمد پر انتظامیہ اور طالبات نے پرجوش استقبال کیا۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے طالبات کو آپریشن”بنیان مرصوص”میں دشمن کے ناپاک ارادوں کو نیست و نابود کرنے پر پاک افواج کی حکمتِ عملی اور قربانیوں سے آگاہ کیا۔انہوں نے کہا کہ”آپریشن بنیان مرصوص”میں پاکستانی عوام بالخصوص طلبا و طالبات نے کلیدی کردار ادا کیا اور بھارتی اسٹریٹجک مفروضوں کو ہمیشہ کے لیے زمین بوس کر دیا۔لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ کوئی شک نہیں کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، بلوچستان کی عوام پاکستان کے ساتھ مذہب ،ثقافت اور روایات کے رشتوں میں بندھی ہے ،فتنہ الہندوستان کے مٹھی بھر دہشتگرد بلوچستان کے ساتھ رشتوں کو نقصان نہیں پہنچا سکتے۔اس موقع پر جناح ویمن یونیورسٹی کی انتظامیہ اور طالبات کی جانب سے پاک فوج کو جنگ میں کامیابی پر خراج تحسین پیش کیا گیا اور طالبات نے کہا کہ ہم پاک افواج سے ہیں اور پاک افواج عوام سے ہیں۔طالبات کا کہنا تھا کہ عوام اور افواج کا رشتہ ہمیشہ سے انتہائی مضبوط تھا، ہے اور ہمیشہ رہے گا، طالبات نے بھرپور جوش و جذبے کا مظاہرہ کیا اور اس طرح کے مزید سیشنز منعقد کرنے کی خواہش ظاہر کی۔