پتہ نہیں تھاپرفارم کرنا اتنابڑاگناہ ہوتاہے
شیئر کریں
سیاستدانوں کی کرپشن بے نقاب کریں توغلیظ مہم چلاتے ہیں
،مرادسعید
وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے کہاہے کہ مجھے پہلی دفعہ پتہ چلا کہ کارکردگی دکھانا کتنا بڑا گناہ ہے،میڈیا میں ان کی کارکردگی پر تبصرہ کرنے کے بجائے ان کے بارے میں غلیظ گفتگو کی جاتی ہے، سیاستدانوں نے پارلیمنٹ کو جاگیر بنا رکھا ہے، ان کی کرپشن بے نقاب کرنے کی جرت کریں تویہ غلیظ مہم چلاتے ہیں ۔پریس کانفرنس کرتے ہوئے مراد سعید نے کہا کہ غلیظ گفتگو پر وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے)میں شکایت کرنا میرا قانونی حق ہے، متعلقہ ادارے نے کارروائی کس انداز سے کی یہ سوال مجھ سے نہیں بنتا۔ مراد سعید نے کہا کہ میرے خلاف جو غلیظ مہم چلائی گئی یہ سیاستدانوں کی نظر میں مڈل اور لوئر مڈل کلاس کی اوقات ہے، سیاستدانوں نے پارلیمنٹ کو جاگیر بنا رکھا ہے، پارلیمنٹ تک عام آدمی پہنچتا نہیں اگر پہنچے تو غلیظ تعلق کا بول بولتے ہیں، جاگیردار سیاستدانوں کی کرپشن بے نقاب کرنے کی جرت کریں تویہ غلیظ مہم چلاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ای پروکیورمنٹ اور قبضوں کا راستہ بند کرنے پر یہ سیاستدان غلیظ مہم چلاتے ہیں، یہ مہم مراد سعید نہیں ہر نوجوان کا منہ بند رکھنے اور پیچھے دھکیلنے کیلئے ہے۔مراد سعید نے کہا کہ نوجوانوں اور اپنی وزارت کے محکموں کیلئے پریس کانفرنس کر رہا ہوں، میں پارلیمنٹ میں کرپشن کے خلاف بات کرتا ہوں، پارلیمنٹ میں راناثنا اللہ، قادرپٹیل، رفیع اللہ جیسے افراد مجھے گالیاں دیتے ہیں، میری پرفارمنس اکیلی مراد سعید کی نہیں موٹروے پولیس کی ہے، میری کارکردگی این ایچ اے، پوسٹ آفس کے ہر ملازم اور اہلکار کی کارکردگی کا ثبوت ہے۔وفاقی وزیر مواصلات و پوسٹل سروسز نے کہا کہ وزارت مواصلات کو 88ٹارگٹ ملے ہم نے 100فیصد مکمل کیے، این ایچ اے کی آمدن میں 107ارب روپے کا اضافہ ہوا،ہم نے کرپشن کے دروازے بند کر دیے، اب وزارت مواصلات میں تمام امور الیکٹرانک ہو گئے ہیں۔مراد سعید کے مطابق پاکستان پوسٹ نے اقوام متحدہ کے مطابق 32 درجے ترقی کی، قبضے کے دروازے بند کرکے ای سسٹم کا آغاز کر دیا، اقوام متحدہ کی رپورٹ کہتی ہے پاکستان پوسٹ کی رینکنگ بہتر ہوئی، پاکستان پوسٹ 13سال بعد خسارے سے نکل کر منافع میں آیا۔مراد سعید کا مزید کہنا تھا کہ گزشتہ ایک ہفتے سے ملک میں ایک تماشہ لگا ہوا ہے، مجھے پہلی مرتبہ معلوم ہوا کہ پرفارم کرنا گناہ کے طور پر سامنے آئے گا، قبائلی اضلاع میں آپریشن میں شہریوں کی معاونت یا اس کیخلاف احتجاج کرتا تھا، ریمنڈ ڈیوس، ڈرون حملوں کیخلاف احتجاج کے دوران گرفتارہوا، عدلیہ بحالی تحریک سمیت بے شمار مواقع پر احتجاج کیا، گرفتار بھی ہوا، ڈنڈے کھائے۔انہوں نے کہا کہ آج میرے بعد بھی انصاف سٹوڈنٹ کے نمائندے پارلیمنٹ کا حصہ بن رہے ہیں، میں پارلیمنٹ میں جی حضوری کرنے نہیں آیا، میں نے لاہور میں پختونوں کے خلاف اقدامات پر آواز بلند کی، جاوید لطیف نے میرے گھر کے افراد میری بہنوں تک پر باتیں کیں۔وزیرمواصلات مراد سعید نے کہا کہ میں 2013کی صبح اچانک اٹھ کر پارلیمنٹ نہیں پہنچا، میں نے طویل سیاسی جدوجہد کے بعد یہ مقام حاصل کیا، پارلیمنٹ پہنچا تو سب سے پہلے میری ڈگری کا معاملہ لایاگیا، میں ڈگری کے معاملے پرعدالت گیا اور تین سال کیس لڑا، مجھے دلیل سے نہیں بلکہ غلیظ گالیوں سے جواب دیا جاتا ہے،جاوید لطیف کے ذریعے میرے گھر والوں کے خلاف گفتگو کی جاتی ہے،کبھی قادرپٹیل کبھی رفیع اللہ اور رانا ثنا اللہ کو کھڑا کر کے غلیط باتیں کروائی جاتی ہیں۔مراد سعید نے کہا کہ میں نے ٹی وی پروگرام کا حوالہ دے کر قانونی کارروائی کی درخواست دی تھی، قانونی ٹیم کی مشاورت سے کارروائی کا آغاز کیا گیا، میں نے اپنی قانونی ٹیم سے مشاورت جاری رکھی ہوئی ہے۔