خورشید شاہ کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس کی سماعت ملتوی
شیئر کریں
احتساب عدالت سکھر نے پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما خورشید شاہ کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ کیس کی سماعت 9 مارچ تک ملتوی کر دی۔ منگل کو پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما سید خورشید احمد شاہ، ان کے 2 بیٹوں ایم پی اے فرخ شاہ، زیرک شاہ، داماد صوبائی وزیر سید اویس شاہ اور 2 بیگمات سمیت 18 افراد کے خلاف ایک ارب 23 کروڑ روپے سے زائد اثاثے بنانے کے الزام میں دائر نیب ریفرنس کی سماعت سکھر کی احتساب عدالت میں ہوئی۔سماعت کے موقع پر این آئی سی وی ڈی ہسپتا ل سکھر میں زیرِ علاج خورشید شاہ کو ایمبولینس کے ذریعے ہسپتال سے عدالت لایا گیا جہاں پر موجود پارٹی کارکنوں کی بڑی تعداد نے ان کا استقبال کیا۔سماعت کے موقع پر خورشید شاہ کے صاحبزادے ایم پی اے فرخ شاہ، داماد صوبائی وزیر اویس شاہ اور خورشید شاہ کی ایک بیگم بھی عدالت میں پیش ہوئیں۔عدالت نے سماعت کے دوران خورشید شاہ اور دیگر ملزمان کے وکلا اور نیب پراسیکیوٹر کے مختصر دلائل سننے کے بعد ریفرنس کی سماعت 9 مارچ تک ملتوی کر دی۔ سماعت میں بھی ریفرنس کے ملزم جنید قادر شاہ پیش نہیں ہوئے ، گذشتہ سماعت میں عدالت نے جنید قادر کے وارنٹِ گرفتاری جاری کیے تھے ۔جنید قادر کے وکیل کا موقف ہے کہ ان کے موکل ملک سے باہر ہیں جس کی وجہ سے وہ عدالت میں پیش نہیں ہو سکے البتہ وطن واپس آتے ہی وہ عدالت میں پیش ہوجائیں گے ۔واضح رہے کہ خورشید شاہ سمیت 18 افراد کے خلاف قومی احتساب بیورو ( نیب )نے احتساب عدالت سکھر میں ریفرنس دائر کر رکھا ہے ۔