میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
صائمہ عربین کے الاٹیز مالکانہ حقوق سے محروم

صائمہ عربین کے الاٹیز مالکانہ حقوق سے محروم

ویب ڈیسک
جمعرات, ۱۷ نومبر ۲۰۲۲

شیئر کریں

صائمہ عربین ولا زکے ہزاروں الاٹیز 10 سال کے بعد بھی مالکانہ حقوق سے محروم ، صائمہ بلڈرز اینڈ ڈیولپرز کے مالک ذیشان سلیم ذکی الاٹیز کو مالکانہ حقوق دینے سے گریزاں ، الاٹیز کے اربوں روپے دائو پر لگ گئے۔ جرأت کی خصوصی رپورٹ کے مطابق صائمہ بلڈرز اینڈ رئیل اسٹیٹ ڈیولپرز نے گڈاپ ٹائون کی دیھہ جام چکرو، تپو منگھوپیر کے سروے نمبر 72 سے 76، 78 سے 81 پر ایک بڑی رہائشی اسکیم 10 سال قبل شروع کی، رہائشی اسکیم میں ہزاروں گھر تعمیر کرکے قبضہ الاٹیز کے حوالے کیا گیا، الاٹیز سے صائمہ بلڈرز اینڈ ڈیولپرز نے گھر کی مکمل رقم بھی وصول کرلی ہے لیکن الاٹیز کو کئی سال گزرنے کے باوجود گھروں کی لیز یا رجسٹری فراہم نہیں کی گئی، گھروں کی لیز یا رجسٹری نہ ملنے کے باعث ہزاروں الاٹیز مکمل رقم ادا کرنے کے باوجود اپنے گھر کے قانونی مالک نہیں ہیں جس کی وجہ سے الاٹیز شدید پریشان ہیں ۔ صائمہ عربین ولاز کے الاٹیز نے سندھ ہائی کورٹ میں پٹیشن دائر کرکے موقف اختیار کیا ہے کہ ہم یہ سمجھنے سے قاصر ہیں کہ صائمہ عربین ولاز کے الاٹیز کو گھروں کی سب لیز دینے میں تاخیر کیوں ہورہی ہے ؟ صائمہ بلڈرز اینڈ ڈیولپرز کے مالک ذیشان سلیم ذکی نے سب لیز دینے میں تاخیر کرکے فروخت اور الاٹمنٹ کے ضوابط کی خلاف ورزی کی ہے، سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی نے صائمہ عربین ولا میں ہزاروں الاٹیز کو سب لیز یا گھر کے مالکانہ حقوق نہ ملنے پر کارروائی کیوں نہیں کی، گھر کی لیز قبضے حاصل کرنے سے پہلے ہی الاٹیز کے حوالے کردینی چاہئے تھے۔ دوسری جانب صائمہ عربین ولا میں گھروں کی سب لیز یا مالکانہ حقوق نہ ملنے پرہزاروں الاٹیز میں شدید تشویش پائی جاتی ہے، الاٹیز کا کہنا ہے کہ انہوں نے متعدد بار صائمہ بلڈر کی پروجیکٹ آفس میںگھروں کی سب لیز یا مالکانہ حقوق کے کاغذات فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے لیکن صائمہ بلڈرز کا عملہ مختلف اسباب بیان کرتے ہوئے سب لیز فراہم نہیں کررہا اور معاملے پر ٹال مٹول کی جارہی ہے۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں