چین کیساتھ برادرانہ تعلقات سے زیادہ کوئی رشتہ اہم نہیں، نگران وزیراعظم
شیئر کریں
نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کی لازوال دوستی ہر موقع پر ثابت قدم رہی ہے، پاکستان کیلئے چین کیساتھ برادرانہ تعلقات سے زیادہ کوئی اور رشتہ اہم نہیں۔ نگران وزیراعظم نے دورہ چین کے دوران بیجنگ میں سی پیک پر منعقدہ راؤنڈ ٹیبل اجلاس کی صدارت کی، اجلاس میں چینی سکالرز، تعلیمی اداروں و تھنک ٹینکس کے محققین نے شرکت کی۔اپنے خطاب میں نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کا کہنا تھا کہ پاکستان اور چین دو طرفہ خصوصی تعلقات کو پاکستان میں قومی اتفاق حاصل ہے، پاکستان کسی کو بھی ہمارے گہرے دوستانہ تعلق کو متاثر کرنے کی اجازت نہیں دے گا۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک ایک فلیگ شپ منصوبہ ہے جو پاک چین سٹریٹجک تعاون کا مظہر ہے، سی پیک دونوں ممالک کے بڑھتے اقتصادی و تجارتی تعلقات کی علامت ہے، یہ ایک انقلابی منصوبہ ہے جو پائیدار ترقی کے قومی ایجنڈے کو آگے بڑھا رہا ہے۔انوار الحق کاکڑ کا کہنا تھا کہ سی پیک کی بدولت گزشتہ 10 سال میں پاکستان کا سماجی معاشی منظر نامہ تبدیل ہوگیا، سی پیک نے پاکستان کے بنیادی ڈھانچے کو جدید بنایا، منصوبوں سے ہماری نوجوان آبادی کو ترقی کے مواقع ملے، روزگار کے مواقع، غربت میں کمی، دیہی علاقوں کی ترقی میں سی پیک نے مرکزی کردار ادا کیا۔