نوازشریف کیخلاف میدان میں آنے کا اعلان، میاں صاحب کو نظام تباہ نہیں کرنے دینگے، آصف زرداری
شیئر کریں
لاہور (بیورو رپورٹ/ خبر ایجنسیاں) سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کے خلاف میدان میں آنے کا اعلان، میاں صاحب کو نظام تباہ نہیں کرنے دینگے، آصف علی زرداری، تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز کے سربراہ و سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ اب آر اوز کے الیکشن نہیں ہونے دیں گے،2013ء کے مینڈیٹ والے کسی خوش فہمی میں نہ رہیں، مسلم لیگ (ن) سے کوئی رابطہ نہیں ہو سکتا،ملاقات تو دور کی بات ہے نوازشریف سے فون پر بھی بات نہیں ہو سکتی،نواز شریف خود کو بچانے کیلئے جمہوریت اور عدلیہ کو ناکام کرنا چاہ رہے ہیں،پنجاب میں بھرپور تیاری کے ساتھ میدان میں اتریں گے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ عام انتخابات کے ٹکٹ ہولڈرز اور رہنمائوں سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ بلاول ہائوس لاہور میں سابق ٹکٹ ہولڈرز سے ملاقات میں حلقوں میں پارٹی پوزیشن سمیت آئندہ کے حوالے سے مشاورت کی گئی ۔ملاقات کرنے والوں میںثمینہ خالد گھرکی،نوید چودھری ، فیصل میر،خرم لطیف کھوسہ،بیرسٹرعامر حسن،سہیل ملک،زاہد ذوالفقار سمیت دیگر شامل تھے جبکہ اس موقع پر پنجاب کے جنرل سیکرٹری ندیم افضل چن اور لاہور کے صدر عزیز الرحمن چن بھی موجو دتھے ۔ اس موقع پر مجموعی معاملات پر کھل کر اظہار رائے کیا گیا اور آئندہ عام انتخابات کے تناظر میں تجاویز بھی دی گئیں۔فیصلہ کیا گیا کہ ہر نشست سے امیدوار کھڑا کیا جائے گا اور انتخابی منشور میں عوامی مسائل کو فوکس کیا جائے گا ۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ بھرپور تیاری کے ساتھ میدان میں اتریں گے اس کے لئے رہنما او رکارکن اپنی جان لڑا دیں ۔ انہوں نے کہا کہ اب آر اوز کے الیکشن نہیں ہونے دیں گے، بلکہ ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔ 2013ء کے مینڈیٹ والے کسی خوش فہمی میں نہ رہیں ۔ انہوںنے کہا کہ مسلم لیگ (ن)پورا نظام تباہ کرنے پر تلی ہوئی ہے،(ن) لیگ اداروں کے ساتھ تصادم کر کے جمہوریت کی نفی کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے جمہوریت کے لئے قربانیاں دی ہیں،(ن) لیگ جمہوریت کو ناکام کر کے ہماری قربانیوں کو زائل کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے تو جھوٹے مقدمات کا عدالتوں میں سامنا کیا ،(ن) لیگ والے مقدمات کا سامنا کرنے کے بجائے دھونس پر اتر آئے ہیں،نواز شریف عدالتوں میں مقدمات لڑنے کے بجائے عدالتوں سے لڑ رہے ہیں،نواز شریف خود کو بچانے کیلئے جمہوریت اور عدلیہ کو ناکام کرنا چاہ رہے ہیں۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ ہم نے نواز شریف کی برا ئیوں کے خلاف کھڑے ہونے کا فیصلہ کر لیا ہے،مفاہمت جمہوریت کیلئے تھی،نواز شریف کیلئے نہیں۔ آصف زرداری نے واضح کہا کہ مسلم لیگ (ن) سے کوئی رابطہ نہیں ہو سکتا،ملاقات تو دور کی بات ہے نوازشریف سے فون پر بھی بات نہیں ہو سکتی۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک کا منصوبہ ہمارا تھا، آج اس کا کریڈٹ مسلم لیگ (ن) لینا چاہ رہی ہے، چین، ترکی اور ایران کے ساتھ بارٹر سسٹم کا پروگرام ہمارا تھا لیکن اسے چلنے نہیں دیا گیا۔اپٹما کے رہنما گوہر اعجاز نے بھی سابق صدر سے بلاول ہائوس لاہور میں ملاقات کی اور معاشی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔