غیرقانونی بھرتیاں، نیشنل انشورنس کمپنی کا ایگزیکٹو ڈائریکٹر گرفتار
شیئر کریں
طارق عزیز مقدمے میں نامزد، سابق چیئرمین سمیت 6 افسران بھی مقدمے میں شامل
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ایف آئی اے کارپوریٹ کرائم سرکل نے نیشنل انشورنس کمپنی لمیٹڈ میں مبینہ خلاف ضابطہ بھرتیوں کے معاملے میں کارروائی کرتے ہوئے کمپنی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر طارق عزیز کو گرفتار کرلیا۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق طارق عزیز کو تحقیقات مکمل ہونے کے بعد 7 ستمبر کو درج مقدمے میں گرفتار کیا گیا۔ وہ مقدمے میں مفرور تھے جبکہ دیگر 6 افسران کے ساتھ نامزد ہیں۔ حکام کے مطابق مقدمے میں نیشنل انشورنس کمپنی کے سابق چیئرمین ایاز خان نیازی سمیت 2 سابق ایگزیکٹو ڈائریکٹرز بھی نامزد ہیں۔ ادارے کے سی بی اے عہدیداروں کی تحریری شکایت پر مبینہ غیرقانونی بھرتیوں کے معاملے کی تحقیقات شروع کی گئی تھیں۔ ذرائع کے مطابق نیشنل انشورنس کمپنی میں مبینہ طور پر سیکڑوں بھرتیوں پر سرکاری آڈیٹر کی جانب سے بھی اعتراضات اٹھائے گئے تھے۔ ایف آئی اے کی جانب سے گرفتار ایگزیکٹو ڈائریکٹر سے مزید تفتیش جاری ہے جبکہ مقدمے میں نامزد دیگر افراد سے متعلق بھی کارروائی کی جا رہی ہے۔


