میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
کرپٹ مافیا سرگرم ،منشیات روک تھام، اصلاحاتی عمل میں تعطل کاخدشہ

کرپٹ مافیا سرگرم ،منشیات روک تھام، اصلاحاتی عمل میں تعطل کاخدشہ

ویب ڈیسک
جمعه, ۱۷ مئی ۲۰۱۹

شیئر کریں

کراچی (شہزاد علی شاہ)ڈسٹرکٹ جیل ملیر میں سپرنٹنڈنٹ جیل اورنگزیب کانگو کی سربراہی میں پچھلے کئی ماہ سے بڑے پیمانے پر جاری اصلاحاتی عمل کے تعطل میں پڑنے کا اندیشہ پیدا ہو گیا ہے ، جیل میں جاری اصلاحاتی عمل اور کریک ڈاؤن کو رکوانے کے لیے مبینہ طور پر جیل سے باہر بیٹھی منشیات فروشی میں ملوث اور دیگر بعض کرپٹ مافیا سرگرم ہوگئی ہے جس کے بعد اس مافیا نے اپنے ناپاک عزائم کی تکمیل کیلئے جیل انتظامیہ کے خلاف منفی پروپیگنڈے کے ساتھ ساتھ سیاسی دباؤں اور طاقت کا استعمال شروع کر دیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق آئی جی جیل خانہ جات مظفر عالم صدیقی کے احکامات کے بعد ڈسٹرکٹ جیل ملیر میں گزشتہ کئی ماہ سے منشیات فروشی کی روک تھام اور جیل میں قیدیوں کی بہتری اور فلاح و بہبود کے حوالے سے بڑے پیمانے پر اصلاحاتی عمل جاری تھا ، اس سلسلے میں جیل سپرنٹنڈنٹ اورنگزیب کانگو کی سربراہی میں مثبت خطوط پر کام کیا جا رہا تھا اور اسی سلسلے میں عمل درآمد کرنے کیلئے مثبت شہرت کے حامل افسر نوجوان اے ایس پی (جیلر) نبی داد زرداری کو ایک ٹاسک دیا گیا تھا ، دیے گئے احکامات پر عمل داری کیلئے نبی داد زرداری نے سرگرم ہوتے ہوئے روزانہ کی بنیاد پر جیل میں متعدد سخت گیر کاروائیاں کرتے ہوئے جیل میں مبینہ منشیات کی ترسیل کے تمام راستے مسدود کردیے تھے اور قیدیوں کی نگرانی سخت کر دی تھی، جبکہ مزید اقدامات کرتے ہوئے متعدد قیدیوں کو بند وارڈ اور چالیس کے قریب قیدیوں کو جیل بدر بھی کر دیا تھا جس کے بعد جیل سے باہر بیٹھی کرپٹ مافیا اور منشیات کے دھندے میں ملوث عناصر کی نیندیں حرام ہو گئی تھیں، بعد ازاں مذکورہ مافیا نے جیل سپرنٹنڈنٹ اورنگزیب کانگو اور جیلر نبی داد زرداری کے خلاف مبینہ بے جا الزامات لگاتے ہوئے ان کے خلاف منفی پروپیگنڈا شروع کر دیا ۔ علاوہ ازیں کرپٹ مافیا نے مبینہ سیاسی دباؤ اور طاقت کا استعمال کرتے ہوئے نبی داد زرداری کا تبادلہ ملیر جیل سے کراچی سینٹرل جیل کروا دیا ہے ، دریں اثناء آئی جی جیل خانہ جات مظفر عالم صدیقی نے تمام معاملے کی انکوائری کے لیے ڈی آئی جی قاضی نظیر کی سربراہی میں ایک کمیٹی بنا دی ہے، جو چند روز میں اپنی رپورٹ پیش کرے گی ۔ علاوہ ازیں آئی جی جیل خانہ جات نے ڈسٹرکٹ جیل ملیر انتظامیہ کے خلاف منفی پروپیگنڈے کو رد کرتے ہوئے اس بات کا تہیہ کیا ہے کہ سندھ کی تمام جیلوں میں اصلاحات کا عمل جاری رہے گا اور قیدیوں کو جیل مینول کے مطابق تمام تر سہولیات فراہم کی جاتی رہیں گی۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں