کے الیکٹرک سالانہ 3 ارب ڈیوٹی وصول کررہی ہے.مراد علی شاہ
شیئر کریں
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ بجلی تقسیم کار کمپنیوں نے سندھ حکومت کی طرف سے صارفین سے بجلی کے بلوں کے ذریعے الیکٹرک سٹی ڈیوٹی وصول کی ہے ،لیکن وہ رقم صوبائی حکومت کو منتقل نہیں کررہے، لہٰذا انھوں نے محکمہ توانائی کو ہدایت کی ہے کہ وہ صوبائی حکومت کے اکائونٹ میں الیکٹرک ڈیوٹی کے براہ راست ڈپازٹ کے لئے ایک میکنزم تشکیل دیا جائے۔ یہ بات جمعرات کو وزیراعلیٰ ہائوس میں بجلی تقسیم کار کمپنیاں(DISCOS) کو بلز کی ادائیگی اور ان سے (DISCOS) سے بجلی ڈیوٹی وصول کرنے جوکہ صوبائی حکومت کی جانب سے وصول کئے جاتے ہیں سے متعلق ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں وزیر توانائی امتیاز شیخ، وزیراعلیٰ سندھ کے مشیر مرتضیٰ وہاب، چیف سیکریٹری ممتاز علی شاہ، وزیراعلیٰ سندھ کے پرنسپل سیکریٹری ساجد جمال ابڑو، سیکرٹری خزانہ نجم شاہ، سیکریٹری توانائی مصدق خان اور دیگر متعقلہ افسران نے شرکت کی۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ سندھ حکومت کی جانب سے بجلی تقسیم کار کمپنیاں(DISCOS)جیسے کہ کے۔الیکٹرک، حیسکو اور سیپکو نے سندھ حکومت کی طرف سے بجلی کے بلوں کے ذریعے 1.5 فیصد الیکٹرک سٹی ڈیوٹی گھریلو صارفین سے وصول کررہے ہیں، جبکہ کمرشل اور صنعتی صارفین سے بل کے 2 فیصد الیکٹرک سٹی ڈیوٹی وصول کرتے ہیں، لیکن انہوں نے ابھی تک رقم صوبائی حکومت کو منتقل نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ ایک تخمینہ کے مطابق کے الیکٹرک سالانہ 3 ارب روپے کے قریب الیکٹرک سٹی ڈیوٹی وصول کررہی ہے، اسی طرح حیسکو اور سیپکو بھی یہ وصولیاں کرتے ہیں، لیکن انہوں نے سندھ حکومت کے اکاؤنٹ میں ابھی تک وہ رقم ڈپازٹ نہیں کی۔ مراد علی شاہ نے وزیر توانائی امتیاز شیخ کو ہدایت کی کہ سیکریٹری توانائی کے تحت ایک کمیٹی تشکیل دیں جوکہ بجلی تقسیم کار کمپنیاں (DISCOS) کے ساتھ بجلی کی ڈیوٹی کے اعداد و شمار کا موازنہ کرکے اس رقم کو سندھ حکومت کے اکاؤنٹ میں جمع کرائی جاسکے۔