5مبینہ لاپتہ بچوں میں سے 2بازیاب، 3تاحال لاپتہ
شیئر کریں
شہر قائد کے مختلف علاقوں سے لاپتہ ہونے والے پانچ بچوں میں سے دو بچوں کو بازیاب کر لیا گیا ہے، جب کہ تین بچے تاحال لاپتہ ہیں۔پولیس کے تعاون سے ملنے والے دونوں بچے سائٹ ایریا میٹروول سے پراسرار طور پر لاپتہ ہو گئے تھے اور اپنی خالہ کے گھر سے بازیاب ہوئے۔تفصیلات کے مطابق، 14 جنوری 2025 کو 12 سالہ شیراز اور 9 سالہ ارباز کراچی کے نارتھ کراچی اور گارڈن کے علاقوں سے لاپتہ ہو گئے تھے۔دونوں بچے مقامی مدرسہ کے طالب علم ہیں اور پولیس کو ان کی گمشدگی کی درخواست تھانہ سائٹ اے میں جمع کرائی گئی تھی۔پولیس کے مطابق دونوں بچے کیماڑی میں رشتے داروں کے گھر سے ملے ہیںپولیس حکام کے مطابق بچوں نے بتایا کہ والدہ مدرسے جانے کے لیے مارتی تھیں جس کی وجہ سے وہ گھر سے فرار ہوئے۔بچوں سے پولیس مزید پوچھ گچھ کر رہی ہے۔ بچوں کے والد محمد اسلام نے کہا کہ میرے بچے باحفاظت اپنے گھر واپس پہنچ گئے ہیں۔ پولیس نے ہماری مدد میں بھرپور تعاون کیا اور بچوں کو تلاش کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔دوسری جانب گارڈن ویسٹ میں 2 کم سن بچوں کے مبینہ اغوا کی واردات ہوئی ہے، پولیس بچوں کو تندہی سے تلاش کر رہی ہے،بچوں کے اغوا کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آگئی ہے۔کراچی کے علاقے گارڈن ویسٹ سے لاپتہ ہونے والے دو بچوں سے متعلق اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، موٹر سائیکل سوار جوڑا ان بچوں کو لے جاتے ہوئے دیکھا گیا ہے، بچوں کے اغوا کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آگئی ہے۔سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ موٹر سائیکل سوار خاتون اور مرد دو بچوں کو ساتھ لے کر جارہے ہیں،پولیس اہلکاروں کے مطابق اغوا کیے جانے والے کمسن بچوں 5سال کا عالیان اور 6 سال کا علی کو نیم بے ہوشی کی حالت میں دیکھا جاسکتا ہے۔دوسری جانب کمسن بچوں کے مبینہ اغوا کے واقعے کے سلسلے میں سٹی ڈسٹرکٹ پولیس نے اغوا کاروں کا روٹ میپ بنا لیا ہے۔عالیان اور علی دونوں ایک ہی محلے کے رہائشی اور پڑوسی ہیں، پولیس ذرائع نے بتایاکہ اغوا کار مرد اور خاتون نے دونوں بچوں کو اٹھایا، اور بچوں کو گھر سے کشتی مسجد چوک کی جانب لے گئے۔روٹ میپ کے مطابق ایک راستہ میوہ شاہ دوسرا گارڈن کی جانب جاتا ہے، ملزمان مرزا آدم خان روڈ کے کونے پر بچوں کو لے گئے، مرزا آدم خان سے اندر موٹر سائیکل بادشاہی روڈ کی جانب گئی۔اغوا کار فقیر محمد درہ گوٹھ کی جانب موٹر سائیکل لے گئے، اور دونوں بچوں کو چیل چوک سے اندرونی گلیوں کی طرف لے جایا گیا۔پولیس حکام کے مطابق بچوں کو بازیابی کے لیے 2 دن تک ندی نالوں میں بھی ڈھونڈا گیا تھا، پولیس بچوں کی بازیابی کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہی ہے۔