پیٹرولیم ڈیلرز کا بھی فی لیٹر پرافٹ مارجن میں فوری اضافے کا مطالبہ
شیئر کریں
آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کا موجودہ فی لیٹر پرافٹ مارجن 7 روپے 87 پیسے ہے،
مزید 2 روپے 23 پیسے اضافہ کیا جانا چاہیے،آئل کمپنیز ایڈوائزری کونسل
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
پٹرولیم ڈیلرز کے بعد آئل مارکیٹنگ کمپنیوں نے بھی حکومت سے فی لیٹر پرافٹ مارجن میں فوری اضافے کا مطالبہ کردیا۔
آئل کمپنیز ایڈوائزری کونسل (او سی اے سی) نے وفاقی وزیر پٹرولیم کو خط لکھ کر آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے موجودہ منافع میں اضافے پر زور دیا ہے۔ کونسل کے مطابق آئل مارکیٹنگ کمپنیاں گزشتہ تین سال سے اپنے پرافٹ مارجن میں اضافے کا مطالبہ کررہی ہیں، تاہم اس حوالے سے تاحال مطلوبہ پیش رفت نہیں ہوسکی۔
او سی اے سی نے کہا کہ آئل مارکیٹنگ کمپنیاں بڑھتے ہوئے مالی اور ریگولیٹری اخراجات کے باعث شدید دباؤ کا شکار ہیں اور موجودہ منافع میں کاروباری اخراجات پورے کرنا مشکل ہوتا جارہا ہے۔او سی اے سی کے سیکرٹری جنرل ناظر عباس زیدی نے بتایا کہ آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کا موجودہ فی لیٹر پرافٹ مارجن 7 روپے 87 پیسے ہے، جس میں مزید 2 روپے 23 پیسے اضافہ کیا جانا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر پٹرولیم کی جانب سے آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے مارجن میں ایک روپے 22 پیسے اضافے کی یقین دہانی کرائی گئی تھی، تاہم کمپنیوں کو درپیش مالی مشکلات کے پیش نظر اس میں مزید اضافہ ضروری ہے۔
ناظر عباس زیدی نے کہا کہ او سی اے سی سے وابستہ ملٹی نیشنل آئل انویسٹرز بھی مختلف مسائل کا سامنا کررہے ہیں۔ بڑھتے ہوئے اخراجات، مالی دباؤ اور ریگولیٹری تقاضوں کے باعث کمپنیوں کے لیے موجودہ مارجن پر کاروبار جاری رکھنا مشکل ہوگیا ہے۔
او سی اے سی نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے پرافٹ مارجن میں فوری اور مناسب اضافہ کیا جائے تاکہ کمپنیوں کی مالی مشکلات کم ہونے کے ساتھ ملک میں پٹرولیم مصنوعات کی سپلائی کا نظام بھی مستحکم رکھا جاسکے۔


