شان کی پہلے ’’ارطغرل غازی ‘‘کی مخالفت اب’’ماسٹر پیس ‘‘قرار دیدیا
شیئر کریں
پاکستان فلم انڈسٹری کے معروف اداکار شان شاہد نے ترکش سیریز ‘دیرلیش ارطغرل’ نشر کرنے کی پہلے مخالفت کی اور اب ‘ماسٹر پیس’ قرار دے دیا۔واضح رہے کہ وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر ‘دیرلیش ارطغرل’ اردو میں ڈب کر کے سرکاری ٹی وی چینل پر یکم رمضان سے نشر کی جارہی ہے ، وزیر اعظم کی اس فرمائش کی مخالفت سب سے پہلے شان نے ہی کی تھی۔شان کا کہنا تھا کہ غیر ملکی مواد سرکاری چینل پر نشر نہیں کیا جانا چاہئے ، شان کے اس بیان کے بعد سے ایک تنازع کی صورتحال پیدا ہوگئی تھی اور سوشل میڈیا صارفین سمیت مشہور شخصیات نے بھی اداکار کے اس بیان کی مذمت کی تھی۔حالیہ سوشل میڈیا پیغام میں شان نے ‘دیریلش ارطغر ل ‘ کو ایک شاہکار سیریز قرار دیتے ہوئے لکھا کہ وہ ‘دیرلیش ارطغرل’ دیکھ کر ابھی فارغ ہوئے ہیں، بلاشبہ یہ ایک کلاسک ماسٹر پیس ہے ۔انہوں نے اپنے ٹوئٹ میں ارطغرل غازی کے پوسٹر کی تصویر بھی شیئر کی اور ڈرامے کے پروڈیوسرز کا ایسا شاہکار تخلیق کرنے پر خصوصی شکریہ ادا کیا۔شان کا کہنا تھا کہ یہ شاندار سیریز اداکاروں اور تکنیکی ماہرین کی انتھک محنت اور کاوشوں کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔آخر میں انہوں نے تفریحی مواد اسٹریم کرنے والی بڑی کمپنی نیٹ فلکس کا بھی شکریہ ادا کیا، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ انہوں نے یہ سیریز سرکاری چینل پر نہیں بلکہ نیٹ فلکس پر دیکھی ہے ۔اس سے قبل شان نے ایک صارف کے ارطغرل غازی کے ایک سین سے وضو کرنے کا طریقہ سیکھنے کا مشورہ دیتے ٹوئٹ کا جواب دیتے ہوئے کہا تھا کہ وہ دین ڈراموں اور فلموں سے نہیں سیکھتے ، یہ سب والدہ نے سکھایا ہے ۔