میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
متوقع طوفان ، بارشیں ،وزیراعلیٰ سندھ کانالے کلیئرکرنے ،بل بورڈزہٹانے کاحکم

متوقع طوفان ، بارشیں ،وزیراعلیٰ سندھ کانالے کلیئرکرنے ،بل بورڈزہٹانے کاحکم

ویب ڈیسک
اتوار, ۱۶ مئی ۲۰۲۱

شیئر کریں

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ بحیرہ عرب کے جنوب میں بننے والے سمندری طوفان کے پیش نظر ایڈمنسٹریٹر کراچی کو شہر سے بل بورڈ ہٹانے کی ہدایت اور ایمرجنسی پلان ٹیم بنانے کے احکامات جاری کر دیئے ہیں۔ انہوں نے متعلقہ محکمہ کو یہ بھی ہدایت کی کہ محکمہ موسمیات ، پی ڈی ایم اے کی مشاورت سے ایمرجنسی پلان بنا کر اقدمات کئے جائیں ۔ یہ ہدایات انہوں نے ہفتے کو وزیر اعلیٰ ہائوس میں ممکنہ سائیکلون کے پیش نظر انتظامات کا جائزہ لینے کے حوالے سے منعقدہ اجلاس میں دیں ۔ اجلاس میں ڈائریکٹر محکمہ موسمیات سردار سرفراز نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ایک ویدر سسٹم بحرہ عرب کے جنوب میں بن رہا ہے ۔ سائیکلون ’’ تائوتے ‘‘کا نام دیا گیا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ اس سائیکلون کی 3 طرح کے اثرات ہوتے ہیں جن میں سے ایک یہ ہے کہ اس سے طوفانی بارشیں یا تھنڈر اسٹوم ہو سکتا ہے اور تیز ہوائیں جس کو ہائی انٹینسی ونڈ کہا جاتا ہے ہوسکتے ہیں۔اگر ہوا کی رفتار 27-22 ناٹس ہوتی ہے تو مٹی کا طوفان ہوگا جبکہ اگر ہوا کی رفتار 33-28 (Knots) بنتی ہے تو درختوں کو نقصان نہیں ہوگا اور اگرہوا کی رفتار 47-34 ناٹس ہوتی ہے تو گھروں کی چھتوں اور فصلوں کو نقصان ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ ابھی دیکھنا ہے کہ سائیکلون کی رفتار کیا بنتی ہے۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ نے ایڈمنسٹریٹر کراچی کو شہر سے بل بورڈ ہٹانے کی ہدایت کی اور ایمرجنسی پلان ٹیم بنانے کے احکامات دے دیئے۔ انہوں نے متعلقہ محکمہ کو یہ بھی ہدایت کی کہ محکمہ موسمیات ، پی ڈی ایم اے کی مشاورت سے ایمرجنسی پلان بنا کر اقدمات کئے جائیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر گجرات کو ہٹ کرتا ہے تو تھر کے ایریا میں شدید بارشیں ہوں گی، ڈی سی تھر ضروری اقدامات کرے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے بارشوں کے امکانات کے پیش نظر کمشنر کراچی ، کے ایم سی اور ڈی ایم سی کو ہدایت کی کہ نالوں کی چوکنگ پوائنٹس کو کلیئر کرنا شروع کریں ۔ماہی گیر اتوار سے سمندر میں نہ جائیں۔ وزیراعلیٰ سندھ نے چیف سیکریٹری کو کنٹرول روم قائم کرنے کی بھی ہدایت کی۔ وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ کنٹرول روم میں بی ایس -19 کے افسر کو ہیڈ بنایا جائے اور تمام متعلقہ ڈی کمشنرز بھی اپنے دفاتر میں کنٹرول روم قائم کریں۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ نے محکمہ آبپاشی کو ہدایت کی کہ وہ بیراجوں پر کنٹرول روم قائم کریں۔ اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ نے کراچی میں تمام کنٹونمنٹ کو اپنے ایریاز میں انتظامات کرنے کی ہدایت دی۔وزیراعلیٰ سندھ نے صوبائی وزراء ناصر شاہ اور فراز ڈیرو کو کراچی میں رہنے کی بھی ہدایت کی۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں