نکاٹی کے انتخابات ملتوی،برسراقتدار گروپ کا راہ ِفرار
شیئر کریں
نیو کراچی انڈسٹریل ایریا میں برسر اقتدار گروپ نے انتخابات سے ایک روز قبل راہِ فرار اختیار کرلی۔ اطلاعات کے مطابق برسراقتدار گروپ نے ڈی جی ٹی او (ڈائریکٹر جنرل ٹریڈ آرگنائزیشن ) کے فیصلے کے بعد انتخابات میں اپنی واضح شکست دیکھتے ہوئے ایک روز قبل انتخابات ملتوی کرادیے۔ ذمہ دار ذرائع کے مطابق برسر اقتدار یو ایف جی گروپ کے خلاف مدمقابل نکاٹی فرینڈ گروپ کے امیدوار آصف مقصود ٹیپو کی جانب سے ووٹر لسٹوں میں موجود ہیر پھیر کی نشاندہی کرتے ہوئے ڈی جی ٹی او کو ایک درخواست دی گئی تھی کہ نکاٹی کے برسر اقتدار گروپ نے ایک این ٹی این پر ایک ووٹ کے بجائے دس دس اور بارہ بارہ ووٹ اندراج کررکھے ہیں۔ ووٹر لسٹ کے جائزے سے اندازا ہوتا ہے کہ کل 575 ووٹرز میں سے تقریبا چالیس سے زائد ایسے ووٹ ہیں جو ایک این ٹی این نمبر پر متعدد ووٹوں کے اندراج کی نشاندہی کرتے ہیں۔ چالیس سے پچاس ووٹوں کا یہ جعلی مجموعہ انتخابی نتائج میں بھی اُلٹ پھیر کا باعث بن سکتا ہے۔ جس پر ڈی جی ٹی او نے اپنا فیصلہ سناتے ہوئے واضح کردیا کہ ایک این ٹی این پر ایک ہی ووٹ کا اندراج ہوسکتا ہے لہذا نئی ووٹر لسٹ پر ایک این ٹی این ، ایک ووٹ کے تحت مرتب کی جائے۔ دلچسپ امر یہ ہے کہ الیکشن کمیشن نے واضح کیا کہ نئی ووٹر لسٹ ایک گھنٹے میں ترتیب دی جاسکتی ہے۔لہذاوہ اعلان کردہ انتخابات کو وقت مقررہ پر کرانے کے لیے پرعزم ہیں۔ مگر برسر اقتدار گروپ نے (جو انتخابی مہم کے دوران خود پر اُٹھنے والے سوالات سے خاصا پریشان تھا) آج نکاٹی کے انتخابات کرانے سے انکار کردیا اور الیکشن کمیشن پر اپنا دباؤ بڑھاتے ہوئے آج کے انتخاب کو نئی ووٹر لسٹ کی تیاری کے نام پر ملتوی کرادیا۔ واضح رہے کہ برسر اقتدار گروپ کی جانب سے اس رویے کوسنجیدہ صنعتکاروں نے انتہائی افسوس ناک قرار دیا ہے۔