توہین عدالت، عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری
شیئر کریں
اسلام آباد (بیورو رپورٹ) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے توہین عدالت کیس میں عمران خان کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے ٗکیس کی مزید سماعت 25 ستمبر تک ملتوی کردی۔ جمعرات کو تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے خلاف چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں 5 رکنی بینچ نے توہین عدالت کیس کی سماعت کی، اس موقع پر اکبر ایس بابر کی طرف سے احمد حسن ایڈووکیٹ اور پی ٹی آئی کی جانب سے ڈاکٹر بابر اعوان الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے۔سماعت کے دوران وکیل درخواست گزارنے کہاکہ کمیشن نے ایک شخص کو ذاتی حیثیت میں طلب کررکھا ہے ٗجب طلب کیا گیا تو الیکشن کمیشن میں پیش ہونا چاہیے تھا۔درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے حکم کی تعمیل نہیں کی گئی،اداروں کا احترام کرتے ہیں تو یہاں ہونا چاہیے تھا، الیکشن کمیشن قانون کے مطابق کارروائی کو آگے بڑھائے، رکن الیکشن کمیشن ارشاد قیصرنے کہا کہ الیکشن کمیشن نے عمران خان کو پیش ہونے کا حکم دیا تھا۔عمران خان کے وکیل بابر اعوان نے کہا کہ عمران خان الیکشن کمیشن کا احترام کرتے ہیں ٗوہ بیرون ملک میں تھے اور ایک گھنٹہ پہلے ہی واپس پہنچے ہیں جب کہیں گے عمران خان الیکشن کمیشن میں حاضر ہوں گے۔ الیکشن کمیشن نے عمران خان کیخلاف توہین عدالت کیس کا محفوظ فیصلہ سنا تے ہوئے چیئرمین تحریک انصاف کے قابل ضمانت وارنٹ جاری کر دیے اورآئندہ سماعت پر 2 ضمانتیوں کے ساتھ ایک لاکھ کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا ہے۔ الیکشن کمیشن نے کیس کی سماعت 25 ستمبر تک ملتوی کرتے ہوئے عمران خان کو ایک بار پھر طلب کرلیا ۔میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے عمران خان کے وکیل اور تحریک انصاف کے رہنما بابراعوان نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے قابل ضمانت وارنٹ نکالے جو سمن ہی ہوتا ہے، بابر اعوان نے کہاکہ یہ فیصلہ کرناضروری ہے کہ کیا الیکشن کمیشن کو توہین عدالت کے کیس کااختیارہے یا نہیں۔