ہندوستان کے عوام جشن آزادی نہیں یوم سیاہ ہی مناسکتے ہیں ،فوادچودھری
شیئر کریں
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ افغا نستان میں بدلتی صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں، وزیراعظم عمران خان کی افغانستان میں مخلوط حکومت کی تجویز مان لی جاتی تو آج افغانستان میں صورتحال مختلف ہوتی، نریندر مودی کی حکومت میں بھارتی عوام یوم سیاہ ہی منا سکتے ہیں، کووڈ کے دوران بھارت میں ہونے والے جانی و مالی نقصان کی ذمہ داری نریندر مودی پر عائد ہوتی ہے، قیام پاکستان سے لے کر اب تک کا سفر طویل قربانیوں اور جدوجہد پر مبنی ہے، قوم یقین رکھے عمران خان کی زیر قیادت ملک ترقی کی جانب گامزن ہے، پاکستان کا مستقبل روشن ہے۔وہ راولپنڈی اسلام آباد سپورٹس جرنلسٹس ایسوسی ایشن (رسجا) انٹر میڈیا آزادی کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کی اختتامی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کررہے تھے ۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ میچ آزادی کی خوشیوں میں اضافے کا باعث بنا، یہ میچز ہماری آزادی کا ثمر ہیں، پوری قوم کو یوم آزادی کی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ قیام پاکستان سے لے کر اب تک کا سفر طویل قربانیوں اور جدوجہد پر مبنی ہے، ہم نے کسمپرسی کے حالات میں اپنے سفر کا آغاز کیا تاہم آج ہمارے پاس اچھے گرائونڈز، اچھے کھلاڑی اور بہترین یونیورسٹیاں موجود ہیں۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ہمارے پاس صرف ایک ہیوی انڈسٹری کا ایک کارخانہ تھا، آج پاکستان جیٹ طیارے تیار کرنے والے 9 ممالک میں شامل ہے، آج ہم گاڑیاں خود تیار کر رہے ہیں، ہم دنیا کی پانچویں بڑی قوم ہیں، ہمارا شمار دنیا کی سات ایٹمی طاقتوں میں ہوتا ہے۔