میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
آزاد کشمیر میں حالات انتہائی کشیدہ، فورسز اور مظاہرین میں جھڑپیں،6افراد جاں بحق، متعدد زخمی

آزاد کشمیر میں حالات انتہائی کشیدہ، فورسز اور مظاہرین میں جھڑپیں،6افراد جاں بحق، متعدد زخمی

جرات ڈیسک
بدھ, ۱۵ جولائی ۲۰۲۶

شیئر کریں

پونچھ ڈویژن،بلوچ اور راولاکوٹ میں فورسز کی پیش قدمی کے دوران تصادم اور فائرنگ،شدید کشیدگی پھیل گئی، تراڑکھل میں کرفیو نافذ،شہریوں کی فورسز کو روکنے کی کوشش

مختلف مقامات پر سڑکیں بند کر کے رکاوٹیں کھڑی کر دی گئی، پُرتشدد واقعات کے بعدپونچھ ڈویژن میں سکیورٹی انتہائی سخت، شدید آنسو گیس کی شیلنگ،مزید دو نوجوان زخمی

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

آزاد کشمیر کے پونچھ ڈویژن میں پُرتشدد واقعات میں کم از کم6 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔ راولاکوٹ کے مقامی صحافی حارث قدیر کے مطابق، پیر اور منگل کی درمیانی شب اور منگل کی صبح فورسز اور مظاہرین کے درمیان تصادم کے مختلف پُرتشدد واقعات میں متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔

زخمیوں میں سے تین کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ پانچ افراد بلوچ اور ایک شہری راولاکوٹ میں جاں بحق ہوا۔ان واقعات کے بعد پورے پونچھ ڈویژن خصوصاً راولاکوٹ، بلوچ اور تراڑکھل میں شدید کشیدگی پھیل گئی ہے اور تراڑکھل میں کرفیو نافذ کر دیا گیا ہے۔

تصادم کا پہلا بڑا واقعہ سدھنوتی کی تحصیل بلوچ میں پیش آیا۔ کوٹلی سرساوہ سے سکیورٹی فورسز کا ایک کانوائے بلوچ کی طرف پیش قدمی کر رہا تھا۔ مقامی شہریوں نے ‘سراں ‘ اور ‘بلوچ’ کے مقامات پر فورسز کو روکنے کی کوشش کی، جس پر فورسز کی جانب سے فائرنگ کی گئی۔

فائرنگ کے نتیجے میں قانون ساز اسمبلی کے امیدوار زاہد یاسین مغل ، ظفر مغل،ارسلان کبیر اور احسان اللہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔ اس واقعے میں رقیب عابد اور اعجاز سمیت متعدد افراد زخمی ہوئے، جن میں سے دو گولیاں لگنے کے باعث شدید زخمی رقیب عابد کو راولپنڈی ریفر کر دیا گیا ہے۔

صحافی عامر محبوب کے مطابق رقیب عابد بھی جاں بحق ہونے والوں میں شمال ہے تصادم کا دوسرا واقعہ راولاکوٹ بس ٹرمینل پر جاری احتجاجی دھرنے کے مقام پر پیش آیا، جہاں فورسز کی کارروائی کے نتیجے میں سون ٹوپہ کے رہائشی واجد حیات گولی لگنے سے شدید زخمی ہوئے اور بعد میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔علاقہ مکینوں کے مطابق، کارروائی کے دوران شدید آنسو گیس کی شیلنگ بھی کی گئی، جس سے مزید دو نوجوان زخمی ہوئے۔

زخمی ہونے والے ایک نوجوان ناصر کو ابتدائی طبی امداد کے بعد پلندری ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ان پُرتشدد واقعات کے بعد پونچھ ڈویژن میں سکیورٹی انتہائی سخت کر دی گئی ہے۔ مختلف مقامات پر سڑکیں بند کر کے رکاوٹیں کھڑی کر دی گئی ہیں اور فورسز شہروں میں گشت کر رہی ہیں، جس کے باعث آمد و رفت بری طرح متاثر ہوئی ہے۔

تاحال حکومت، ضلعی انتظامیہ یا سکیورٹی اداروں کی جانب سے ان ہلاکتوں کی کوئی باضابطہ تصدیق یا سرکاری موقف سامنے نہیں آیا ہے۔ واضح رہے کہ یہ سنگین صورتحال ایک ایسے وقت میں پیدا ہوئی ہے جب عوامی ایکشن کمیٹی نے کل 15 جولائی کو مظفرآباد کی طرف لانگ مارچ کا اعلان کر رکھا ہے۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں