داسوڈیم پاورپلانٹ کے قریب حادثہ 9چینی انجینئرزسمیت13افرادہلاک
شیئر کریں
داسو ڈیم میں کام کرنے والے کمپنی کی بس حادثے کا شکار ہوگئی جس کے نتیجے میں چینی انجینئرز سمیت 13 افراد جاں بحق اور 13زخمی ہوگئے ۔تفصیلات کے مطابق اپرکوہستان میں داسو ڈیم کے ملازمین کو لانے لے جانے والی بس حادثے کا شکار ہوگئی جس کے نتیجے میں 13 افراد جاں بحق اور 39 افراد زخمی ہوگئے۔ڈی پی او اپرکوہستان نے بتایا کہ حادثے کی وجوہات سامنے نہیں آئیں تاہم حادثے میں 13 افراد کی موت کی تصدیق ہوگئی ہے جن میں سے 9 چائنیز اور 2 مقامی مزدور بھی شامل ہیں، ہسپتال انتظامیہ کے مطابق 7 افراد کی حالت انتہائی تشویشناک ہے۔پولیس حکام کے مطابق واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو اور پولیس کی ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچ گئیں اور لاشوں اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا، جائے وقوعہ کو دیگر سیکیورٹی اہلکاروں کی مدد سے سیل کردیا گیا ہے، تاحال حادثے کی وجوہات سامنے نہیں آسکیں۔ڈپٹی کمشنر عارف خان یوسفزئی نے کہا کہ کوسٹر گاڑی میں 41 افراد سوار تھے، حادثے میں 9 چینی باشندوں سمیت 13 افراد جاں بحق ہوئے، جن میں دو ایف سی جوان اور 2 مقامی مزدور بھی شامل ہیں۔ تحقیقات مکمل ہونے پر وجوہات کا بتایا جا سکے گا، المناک واقعہ کی تحقیقات کی جا رہی ہیں، تحقیقات سے قبل واقعہ کو حملہ یا دہشت گردی سے منسوب نہیں کہا جا سکتا۔داسو میں رونما ہونے والے واقعے وزیراعلی محمود خان کی ہدایت پر صوبائی حکومت کا اعلی سطحی وفد کوہستان پہنچا، وفد میں کامران بنگش، چیف سیکرٹری اور آئی جی پی خیبر پختونخوا شامل ہیں، معاون خصوصی برائے اطلاعات کامران بنگش کے مطابق معاملے کی جانچ کے بعد میڈیا کو صورتحال سے آگاہ کیا جائے گا۔ادھر واپڈا کی جانب سے جاری بیان میں اس واقعے کو ایک حادثہ قرار دیا گیا ہے۔واپڈا کے ترجمان نے تصدیق کی ہے کہ چینی کمپنی کے ملازمین بس میں سفر کر رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ واقعے کی جگہ پر امدادی سرگرمیاں جاری ہیں اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا جارہا ہے۔ترجمان نے کہا کہ واپڈا کی چیئرپرسن ریسکیو کے کام کی نگرانی کے لیے داسو کے لئے روانہ ہوئی ہے۔