میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
کراچی، حیدرآباد کے 16 اضلاع میں پولنگ مکمل، گنتی کا عمل جاری

کراچی، حیدرآباد کے 16 اضلاع میں پولنگ مکمل، گنتی کا عمل جاری

جرات ڈیسک
اتوار, ۱۵ جنوری ۲۰۲۳

شیئر کریں

کراچی اور حیدرآباد کے 16 اضلاع میں بلدیاتی الیکشن کے لیے پولنگ کا وقت مکمل ہو گیا۔ صبح 8 بجے سے شروع ہونے والی پولنگ شام 5 بجے تک مخلتف شکایتوں کی اطلاعات کے ساتھ جاری رہی۔  بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے گزشتہ روز ہی تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے تھے۔ چیف الیکشن کمشنر نے واضح کیا تھا ہے کہ شام 5 بجے تک پولنگ اسٹیشن کے احاطے میں پہنچنے والے تمام ووٹرز کو ووٹ ڈالنے دیا جائے گا۔ ترجمان الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر نے پریذائیڈنگ، ریٹرننگ افسران، انتخابی عملے کو ہدایت جاری کر دی۔ واضح رہے کہ کراچی کے 7 اضلاع کے 25 ٹاؤنز کی 246 یونین کونسلز کے 984 وارڈز میں ووٹنگ کا عمل ہوا۔ ہر یونین کونسل میں 4 وارڈز ہیں، ووٹر کو چیئرمین اور وائس چیئرمین کے علاوہ وارڈ کا جنرل کونسلر منتخب کرنا ہوگا، چیئرمین اور وائس چیئرمین کا ایک ووٹ ہوگا، دوسرا ووٹ جنرل کونسلر کا ہوگا، ہر یونین کونسل 11 ارکان پر مشتمل ہوگی، یونین کونسل میں 6 افراد براہِ راست منتخب ہوں گے۔ یونین کونسل میں 2 خواتین، ایک مزدور، ایک نوجوان اور ایک اقلیت کا نمائندہ شامل ہوگا۔ یونین کمیٹی میں مخصوص نشستوں کا انتخاب براہِ راست ووٹوں سے منتخب ہونے والے یونین کمیٹی کے 6 ارکان کریں گے۔ شہر کی 246 یونین کمیٹیوں کے چیئرمین کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن کونسل کے رکن ہوں گے، میٹروپولیٹن کارپوریشن کی کونسل 367 ارکان پر مشتمل ہو گی جن میں 121 مخصوص نشستیں ہیں، میٹروپولیٹن کارپوریشن میں 121 مخصوص نشستوں پر ارکان کا انتخاب کونسل کے 246 ارکان کریں گے۔ میٹروپولیٹن کارپوریشن میں 81 خواتین، 12 مزدور، 12 نوجوانوں کی مخصوص نشستیں شامل ہیں، میٹروپولیٹن کارپوریشن میں 12 اقلیتی ارکان، 2 خواجہ سراء اور 2 معذور افراد کی مخصوص نشستیں بھی شامل ہیں۔ واضح رہے کہ کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن کے 367 ارکان شہر کا میئر منتخب کریں گے۔ کراچی شہر میں 25 ٹاؤنز ہیں، ہر ٹاؤن کا ایک منتخب ناظم ہوگا، ہر یو سی کا منتخب وائس چیئرمین ٹاؤن کونسل کا رکن ہو گا۔ ٹاؤن کونسل کے ارکان خواتین، مزدور، نوجوان، اقلیت، خواجہ سراء اور معذور کی مخصوص نشستوں پر انتخاب کریں گے۔ کراچی ڈویژن میں چیئرمین، وائس چیئرمین اور جنرل ممبر کی نشست کے لیے 9 ہزار 58 امیدوار میدان میں تھے۔ کراچی سے چیئرمین اور وائس چیئرمین کے پینل اور جنرل ممبر کی نشست پر مختلف یونین کمیٹیوں سے 7 امیدوار بلا مقابلہ منتخب ہو چکے ہیں۔ کراچی ڈویژن کی جنرل ممبرز اور چیئرمین اور وائس چیئرمین کی 22 نشستوں پر امیدواروں کے انتقال کے باعث انتخابات  آج نہیں ہوئے. انتقال کرنے والے امیدواروں میں مختلف یونین کمیٹیوں کے 9 چیئرمین اور وائس چیئرمین جبکہ 13 جنرل ممبرز کے امیدوار بھی شامل تھے۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں