امریکا میں پاکستان کی زیرملکیت اہم عمارت فروخت کرنے کی تیاری
شیئر کریں
امریکا میں پاکستان کی زیرملکیت اہم عمارت فروخت کرنے کی تیاری کرلی گئی۔ ایک نجی ٹی وی کے مطابق امریکا میں فروخت کی جانے والی عمارت واشنگٹن ڈی سی کے مہنگے ترین علاقے نارتھ ویسٹ میں ہے جو 13 ہزار اسکوائر فٹ سے زائد کے احاطے پر قائم ہے۔ پاکستانی عمارت کے قریب سابق امریکی صدر اوباما اور ان کی بیٹی ایوانکا کا بھی گھر ہے جبکہ عمارت کے قریب دنیا کے امیرترین افراد میں سے ایک جیف بیزوز بھی رہائش پزیر ہیں۔ فروخت کی جانے والی عمارت میں کئی برسوں سے رہائش و دفاترقائم نہیں اور زیر استعمال نہ ہونے کی وجہ سے پاکستان کی ملکیت عمارت انتہائی مخدوش حالت میں ہے، شہری قوانین کے مطابق عمارت کی بیرونی شکل کو تبدیل کیے بغیر اس کی مرمت ممکن ہے۔ پاکستانی عمارت پر 17-2016 میں شہری حکومت نے 70 ہزار ڈالر جرمانہ عائد کیا تھا۔ دوسری جانب پاکستانی سفارت خانے نے عمارت کی فروخت کی تصدیق و تردید سے گریز کیا ہے جب کہ عمارت کے باہر برائے فروخت کے آویزاں بورڈ اچانک ہٹا لیے گئے ہیں۔