میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
اسلام آباد میں یونین کونسلز نہ بڑھانے کا الیکشن کمیشن کا فیصلہ کالعدم قرار

اسلام آباد میں یونین کونسلز نہ بڑھانے کا الیکشن کمیشن کا فیصلہ کالعدم قرار

ویب ڈیسک
جمعه, ۲۳ دسمبر ۲۰۲۲

شیئر کریں

اسلام آباد ہائی کورٹ نے دارالحکومت میں یونین کونسلز بڑھانے کا حکومتی فیصلہ مسترد کرنے کا الیکشن کمیشن کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا، اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات 31 دسمبر کو ہونے ہیں یا نہیں؟ فیصلہ 27 دسمبر کو الیکشن کمیشن کرے گا۔نجی چینل کے مطابق چیف جسٹس عامر فاروق نے بلدیاتی انتخابات سے متعلق دائر درخواستوں کو یکجا کر کے سماعت کی۔ ڈی جی الیکشن کمیشن نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کے شیڈول کے اعلان کے بعد یونین کونسلز کی تعداد بڑھائی گئی۔ 31 دسمبر کو بلدیاتی انتخابات پرانے شیڈول کے مطابق ہونے چاہئیں۔اٹارنی جنرل اشتر اوصاف عدالت میں پیش ہوئے تو چیف جسٹس نے کہا کہ آپ ایک بار طے کرلیں کہ یونین کونسلز کی تعداد کتنی بڑھانی ہے؟ اٹارنی جنرل نے کہا کہ یونین کونسلز کی تعداد میں اضافے کے بعد الیکشن کمیشن حلقہ بندیاں کرنے کی پابند ہے۔ انہوں نے عدالتی استفسار پر بتایا کہ حلقہ بندیاں تبدیل ہونے کے بعد ووٹرز لسٹوں میں بھی تبدیلی ہوگی۔ایڈووکیٹ جنرل جہانگیر جدون نے کہا کہ وزارت داخلہ نے 19 دسمبر کو یونین کونسلز بڑھانے کا نوٹی فکیشن جاری کیا، الیکشن کمیشن نے سوموٹو پاور استعمال کرتے ہوئے اس نوٹی فکیشن کو مسترد کر دیا اور وفاقی حکومت یا میٹروپولیٹن کارپوریشن سمیت کسی کو نوٹس کر کے سنا بھی نہیں گیا، اسلام آباد میں یونین کونسلز کی تعداد 125 ہو گئی ہے اور اب الیکشن سے قبل نئی حلقہ بندیوں کا اختیار الیکشن کمیشن آف پاکستان کا ہے۔پٹیشنر کے وکیل عادل عزیز قاضی نے کہا کہ قانون میں ایسی کوئی بات نہیں لکھی کہ یونین کونسلز کی تعداد میں اضافہ الیکشن کمیشن سے پوچھ کر کرنا ہے، اس وقت یونین کونسلز کی تعداد 125 ہے، الیکشن کمیشن کا مینڈیٹ ہے کہ انہوں نے قانون کے مطابق الیکشن کرانا ہے۔ایڈیشنل اٹارنی جنرل منور اقبال نے کہا لوکل گورنمنٹ ایکٹ میں ترمیم کر دی گئی، قومی اسمبلی سے بل پاس ہوگیا اب سینیٹ سے پاس ہوگا، ایکٹ میں ترمیم کے بعد میئر اور ڈپٹی میئر کا الیکشن اب براہ راست ہوگا۔چیف جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیے کہ اقتدار میں کوئی بھی سیاسی جماعت ہو، بلدیاتی انتخابات کرانے میں ان کی دلچسپی نہیں، پولیٹیکل اینالسٹ بہتر بتاسکتا ہے کہ ایسا کیوں ہے؟ اگر 2020ئمیں مدت پوری ہوئی تو اس وقت الیکشن ہوجانا چاہیے تھا، کبھی کورونا، کبھی سیلاب، کبھی سردی، کبھی گرمی، یہ سب تو چلتا رہتا ہے، اسلام آباد کے مسائل تب حل ہوں گے جب یہاں دہلی ماڈل کی اپنی پارلیمنٹ لائیں گے۔بلدیاتی انتخابات پرانے شیڈول کے مطابق 101 یونین کونسلز پر ہوں گے یا 125 یونین کونسلز پر؟ عدالت نے 27 دسمبر کو فریقین کو سن کر فیصلہ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے درخواست نمٹا دی۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں