محکمہ خزانہ حیدرآباد،جعلسازی کے ذریعے ڈبل پینشنز جاری کرنے کا انکشاف
شیئر کریں
(رپورٹ :شاہنواز خاصخیلی) محکمہ خزانہ حیدرآباد، جعلسازی کے ذریعے ڈبل پینشنز جاری کرنے کا انکشاف، سینکڑوں لوگوں کو پینشن و دیگر بلز کی مد میں ڈبل رقم جاری کی گئی، سب اکاؤنٹنٹ امام علی شاہ نے 50 فیصد کمیشن پر رقم جاری کی، ذرائع، تمام بلز درست کئے ہیں، الزامات بے بنیاد ہیں، امام علی شاہ، تفصیلات کے محکمہ خزانہ میں پینشن کی مد میں سینکڑوں لوگوں کو ڈبل رقم جاری کرنے کا انکشاف ہوا ہے، روزنامہ جرأت کو ملنے والے دستاویزات کے مطابق ریٹائرڈ ہونے والے لوگوں کو کچھ ماہ کے وقفے کے ساتھ دو دو بار پینشن کی رقم جاری کی گئی۔ ذرائع کے مطابق ٹریژری آفس حیدرآباد میں سب اکاؤنٹنٹ کے عہدے پر کام کرنے والے امام علی شاہ نے اپنے ایجنٹس کے ذریعے 50 فیصد کمیشن کے عوض دو دو بار رقم جاری کی۔ ذرائع کے مطابق پینشن کی مد میں کروڑوں روپے کا گھپلا کیا گیا جس کے بعد محکمہ خزانہ حیدرآباد کے افسر نے امام علی شاہ کو کام سے روکتے ہوئے ٹیبل واپس لے لی ہے۔ ذرائع کے مطابق گزشتہ ایک سال سے امام علی شاہ کی معرفت سینکڑوں لوگوں کو پینشن و دیگر مد میں ڈبل رقم منظم انداز میں جاری کی گئی، اس سلسلے میں روزنامہ جرأت کی جانب سے امام علی شاہ سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ وہ چھٹیوں پر اپنے گاؤں دادو میں ہیں، ان کے پاس اب کوئی ٹیبل نہیں ہے، اس نے تمام بلز درست کئے اور بلز پر صرف اس کے نہیں دوسروں کے دستخط بھی ہوتے ہیں، الزامات بے بنیاد ہیں۔