شیرانی گروپ کاپی ٹی آئی سے سیاسی ،مذہبی اتحاد
شیئر کریں
جمعیت علمائے اسلام پاکستان کے سربراہ مولانا خان محمد شیرانی کی چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان سے ملاقات، دونوں جماعتوں نے اتحاد و شراکت کا باضابطہ اعلان کرتے ہوئے باہمی مشاورت سے سیاسی و انتخابی حکمت عملی مرتب کرنے پر مکمل اتفاق کیا ہے۔ پیر کے روز تحریک انصاف کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق جمعیت علمائے اسلام پاکستان کے سربراہ مولانا خان محمد شیرانی کی قیادت میں وفد نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان سے ملاقات کی، وائس چیئرمین پی ٹی آئی شاہ محمود قریشی، مرکزی نائب صدر سینیٹر اعجاز چوہدری، سابق وزیر مذہبی امور نورالحق قادری ، صدر پی ٹی آئی بلوچستان قاسم سوری ، جنرل سیکرٹری پختونخوا علی امین گنڈا پور اور سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل بھی موجود تھے۔ اعلامیہ کے مطابق جمعیت علمائے اسلام اور پاکستان تحریک انصاف کے مابین اتحاد و شراکت کا باضابطہ اعلان کیا گیا، دونوں جماعتوں کے مابین باہمی مشاورت سے سیاسی و انتخابی حکمت عملی مرتب کرنے پر مکمل اتفاق کیا ہے۔ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا کہ جمعیت علمائے اسلام پاکستان کے سربراہ اور عمائدین کا خیر مقدم کرتا ہوں، ارفع مقاصد کے حصول کیلئے جدوجہد سیاست کا امتیاز ہے، تحریک انصاف روایتی سیاست سے بالاتر، اعلی سیاسی و سماجی مقاصد کے حصول کیلئے کوشاں ہے۔عمران خان کا کہنا تھا کہ اہلِ علم آگے بڑھیں اور قوم کی درست سمت میں رہنمائی کا فریضہ سرانجام دیں،دونوں جماعتوں کے مابین طے پانے والے معاملات کی کامیابی کیلئے دعاگو ہوں۔ اس موقع پر مولانا خان محمد شیرانی نے کہا کہ اسلاموفوبیا کے تدارک کیخلاف جدوجہد مشترکات میں سے ہے، سماج و سیاست سے جبر و نفاق کا خاتمہ اہم ضرورت ہے،دونوں جماعتوں کے مابین رفاقت کو باہمی روابط و مشاورت سے نتیجہ خیز ایجنڈے کی صورت میں ڈھالیں گے۔