عمران خان کی ہدایت، تحریک انصاف کا19 اپریل کو جلسہ عام کا اعلان، کارکنان کو ملک بھر میں متحرک کرنے کا فیصلہ
شیئر کریں
مردان ریلوے گراؤنڈ میں سہ پہر 3 بجے جلسہ ہوگا، مخالفین خصوصاً ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ٹاؤٹس جلسے کو ناکام بنانے کیلئے منفی پروپیگنڈا کر رہے ہیں،وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا
قوم آج بھی عمران خان کے ساتھ کھڑی ہے، دنیا کو دکھائیں گے بانی جیل میں ہونے کے باوجود بڑی سیاسی سرگرمی کر سکتے ہیں،سہیل آفریدی کی پاکستانیوں کو شرکت کی دعوت
وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے 19 اپریل کو خیبرپختونخوا میں عظیم الشان جلسہ منعقد کرنے کا اعلان کر دیا۔ سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ عمران خان نے ہدایت کی ہے کہ 10 دنوں میں خیبر پختونخوا میں جلسہ کرنا ہے،عمران خان کی ہدایت پر 19 اپریل سہ پہر 3 بجے مردان ریلوے گراؤنڈ میں عظیم الشان جلسہ ہوگا۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کاکہناتھا کہ عمران خان اور بشریٰ بی بی کو ناحق قید کیا گیا ہے، پی ٹی آئی قیادت پر گزشتہ کئی برسوں سے مسلسل ظلم و زیادتی کی جا رہی ہے، تمام تر مظالم کے باوجود ثابت کریں گے کہ پی ٹی آئی پاکستان کی سب سے بڑی سیاسی جماعت ہے۔ سہیل آفریدی نے کہاکہ 19 اپریل کو دنیا کو دکھائیں گے کہ عمران خان جیل میں ہونے کے باوجود بڑی سیاسی سرگرمی کر سکتے ہیں، مخالفین خصوصاً ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ٹاؤٹس جلسے کو ناکام بنانے کیلئے منفی پروپیگنڈا کر رہے ہیں، عمران خان کی غیر موجودگی میں انہیں پیغام دیں گے کہ قوم آج بھی ان کے ساتھ کھڑی ہے،ان کاکہناتھا کہ 19 اپریل کے جلسے میں شرکت کیلئے تمام پاکستانیوں کو بھر پور شرکت کی دعوت دیتا ہوں۔


