اسرائیل کی وزیرِ اطلاعات گالیت ڈسٹل اچانک مستعفی
شیئر کریں
اسرائیل کی وزیرِ اطلاعات گالیت ڈسٹل اچانک مستعفی ہو گئیں۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق گالیت ڈسٹل نے حزب اللہ کو اسمارٹ قرار دینے کے بیان پر امریکا کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر کڑی تنقید بھی کی ہے۔ گالیت ڈسٹل نے کہا کہ سابق امریکی صدر کا ایسا بیان آنا شرمناک ہے، ٹرمپ کا بیان پروپیگنڈا ہے جس سے اسرائیلیوں کے عزم کو نقصان پہنچا۔ دوسری جانب افرا تفری اور حماس سے نمٹنے میں تاحال ناکامی پر اسرائیلی میڈیا اپنی ہی حکومت پر تنقید کر رہا ہے۔ میڈیا رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی صدر کو بھی معلوم نہیں کہ حماس اور غزہ سے متعلق پلان ہے کیا؟ علاوہ ازیں غزہ پر اسرائیلی بمباری سے جاں بحق فلسطینیوں کی تعداد 1570 ہوگئی جبکہ زخمیوں کی تعداد 7 ہزار 200 سے بھی بڑھ گئی۔ اسرائیلی فوج کی بمباری سے ڈھائی ہزار سے زیادہ مکانات تباہ جبکہ 30 ہزار کو جزوی نقصان پہنچا ہے، بے گھر فلسطینیوں کی تعداد 3 لاکھ 38 ہزار تک پہنچ گئی۔