شاہین فورس کے قیام کے باوجود شہر میں وارداتوں کا سلسلہ تھم نہ سکا
شیئر کریں
اسٹریٹ کرائمز کی وارداتوں پر قابو پانے کے لیے شاہین فورس کے قیام اور گشت کے باوجود شہر میں لوٹ مار کی وارداتوں کا سلسلہ تھم نہیں سکا۔ شہر میں اسٹریٹ کرائمز کی وارداتوں کا سلسلہ بدستور جاری ہے، نیو کراچی صنعتی ایریا میں موٹر سائیکل سوار ڈاکو فیکٹری ملازم سے 10 لاکھ روپے نقد لوٹ کر فرار ہوگئے جبکہ پی ای سی ایچ ایس میں پینٹ اور شرٹ پہنچے ٹائی لگائے موٹر سائیکل سوار 3 ڈاکو شہری کو گھر کی دہلیز پر نقدی اور موبائل فون سے محروم کر گئے۔ دوسری جانب شادمان ٹاؤن میں 2 ڈاکوؤں نے کار سوار افراد کو یرغمال بنا کر نقدی اور موبائل فون سے محروم کر دیا، تینوں وارداتوں کی فوٹیجز منظر عام پر آ گئیں۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز ڈسٹرکٹ سینٹرل کے علاقے نیو کراچی صنعتی ایریا کے علاقے سیکٹر 12 ڈی ثمر عباس ہوٹل کے قریب موٹر سائیکل سوار 2 ڈاکو بینک سے 10 لاکھ روپے نقدی نکلوا کر آنے والے ملازم کو فیکٹری کے سامنے لوٹ کر فرار ہوگئے جس کی فوٹیج بھی منظر عام پر آگئی۔ فوٹیج کے مطابق موٹر سائیکل سوار ڈاکو برق رفتاری کے ساتھ تعاقب میں آئے اور موٹر سائیکل سوار ملازم سے چند سیکنڈوں میں اسلحے کے زور پر نقدی لوٹ کر فرار ہوگئے۔ اس دوران لٹنے والا شخص ڈاکووں کے سامنے ہاتھ بھی جوڑتا ہوا دکھائی دیا کہ وہ گولی نہ چلائیں۔ ایس ایچ او نیو کراچی صنعتی ایریا چودھری طفیل کے مطابق فوٹیج کی مدد سے واقعہ کی مزید تحقیقات کی جا رہی ہے اور مذکورہ واردات کی رپورٹ درج کرائی جا رہی ہے۔ ڈسٹرکٹ سینٹرل کے علاقے شادمان ٹاؤن میں بھی اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں موٹر سائیکل سوار ڈاکو اسلحے کے زور پر گلی میں موجود سفید رنگ کی کار میں سوار افراد کو لوٹ کار فرار ہوگئے، مذکورہ واقعہ کی فوٹیج بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔ پی ای سی ایچ ایس میں پینٹ اور شرٹ پہنے ہوئے 2 موٹر سائیکلوں پر سوار 3 ڈاکو جنھوں ںے ٹائی بھی لگائی ہوئی تھی گھر کی دہلیز پر شہری کو اسلحے کے زور پر یرغمال بنا کر ایک لاکھ روپے نقد اور موبائل فون چھین کر فرار ہوگئے۔ شہر میں جاری اسٹریٹ کرائمز کی وارداتوں پر قابو پانے کے لیے کراچی پولیس چیف جاوید عالم اوڈھو موثر کوششیں کرنے میں ناکام دکھائی دیتے ہیں۔