میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
عمران خان جلدانجام کو پہنچنے والے ہیں،بھارتی وزیراعظم نے منہ نہیں لگایا، نوازشریف

عمران خان جلدانجام کو پہنچنے والے ہیں،بھارتی وزیراعظم نے منہ نہیں لگایا، نوازشریف

ویب ڈیسک
جمعرات, ۱۳ جون ۲۰۱۹

شیئر کریں

سابق وزیراعظم میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ عمران خان ایسا کھلاڑی ہیں جسے تماشائی جلد اسٹیڈیم سے باہر پھینک دینگے ،عمران خان اور علیمہ خان کے خلاف ٹھوس چارجز موجود ہیں، ان کا جلد کڑا احتساب ہوگا،سابق صدر آصف زرداری اور حمزہ کی گرفتاری بلا جواز ہے ۔ انہوں نے کوٹ لکھپت جیل میں ملاقات کے لیے آنے والے مختلف رہنمائوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے ایٹمی دھماکے کیے تو دنیا کو پاکستان کی اہمیت کا اندازہ ہوا، جب کوئی خود اندر جانے والا ہوتا ہے تو وہ پہلے دوسرے کو اندر بھیجتا ہے ، موجودہ حکومت بلاوجہ بڑے سیاستدانوں کو جیل بھیج رہی ہے ،سابق صدر آصف زرداری اور حمزہ کی گرفتاری بلا جواز ہے ،کوئی ولی پیر یا قسمت کا حال بتانے والے نہیں لیکن عمران خان جلد انجام کو پہنچنے والے ہیں، عمران خان اور علیمہ خان کے خلاف ٹھوس چارجز موجود ہیں، ان کا جلد کڑا احتساب ہوگا۔ انہوں نے وزیراعظم پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان ایسا کھلاڑی ہے جسے تماشائی جلد اسٹیڈیم سے باہر پھینک دیں گے ، ان کا بنی گالہ کرپشن کی دلدل میں پھنسا ہوا ہے ، امپائر کی انگلی کی بات کرنے والے عمران خان کو شرم آنی چاہیے ، وہ کھیل کے دوران ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کررہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ دامن صاف ہے جو کیا ملک و قوم کے لیے کیا ۔ اپوزیشن جماعتیں جلد سے جلد لائحہ عمل طے کریں۔ انہوں نے کہا کہ ( ن) لیگ کے دور میں روپیہ مستحکم تھا، تیل کی قیمتیں کم تھیں، حکومت کے بہت سارے وزرا ء کرپشن میں ملوث ہیں کوئی نہیں دیکھ رہا۔ انہوں نے کہا عمران خان کی نا اہلی نے ملک کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا،،عمران نیازی کے پاس عوامی مینڈیٹ نہیں ، کوئی پوچھنے والا نہیں، ن لیگ نے مہنگائی کو نکیل ڈال کر رکھی تھی۔ انہوں نے کہا کہ جہانگیر ترین سمیت دیگر کرپٹ لوگ اس کی اپنی جماعت میں ہیں، ہم نے آئی ایم ایف کو خیر باد کہا مگر عمران خان کشکول لیکر اس کے پاس چلا گیا،عمران خان کہتے تھے خود کشی کرلوں گا آئی ایم ایف کے پاس نہیں جائوں گا، انہوں نے خود کشی تو نہیں کی مگر قوم کو خود کشی پر مجبور کردیا،انہوں نے 10 ماہ میں قوم کو مایوس کردیا، ہمارے دور میں ضروریات زندگی کی ہر چیز سستی تھی لیکن آج عوام کی چیخیں نکل رہی ہیں۔سابق وزیراعظم نے کہا کہ ہمارے دور میں ڈالر کنٹرول میں رہا اور غیر ملکی ذخائر بڑھے ، تیل کی قیمت کم ہوئی، ہمارے دور میں ترقی کی شرح 5 اعشاریہ 8 فیصد تک پہنچ چکی تھی، اب ان کے دور میں ترقی کی شرح 4 فیصد بھی نہیں رہی، بھارتی وزیراعظم نے عمران خان کو منہ نہیں لگایا، وہ اس کا فون سنتا ہے نہ حلف برداری میں بلاتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کا وقت پورا ہوچکا ہے ، جلد اپنے انجام کو پہنچنے والا ہے ، عوام جانتے ہیں کیا ہو رہا ہے ، سلیکٹڈ وزیراعظم کی ناقص پالیسیوں سے عوام پریشان ہے ، ہمارے دور میں مودی اور واجپائی پاکستان آئے ۔سابق ا سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، رانا ثنااللہ، میاں جاوید لطیف، سہیل ضیا بٹ، بلال اکبر خان، ملک افضل کھوکھر، مرزا جاوید، میاں رئوف، پیر اشرف رسول، میاں مصطفی ہارون بھٹہ سمیت دیگر رہنمائوں نے نواز شریف سے ملاقات کی۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں