وفاقی کابینہ نے انتخابی اصلاحات پر پیش کی گئی رپورٹ کی منظوری دے دی
شیئر کریں
وفاقی کابینہ نے انتخابی اصلاحات پر پیش کی گئی رپورٹ کی منظوری دے دی۔ منگل کو وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں انتخابی اصلاحات سمیت ملک میں کوروناکی صورتحال پر غور کیا گیا۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں انتخابی اصلاحات پر رپورٹ پیش کی گئی ۔وفاقی کابینہ نے انتخابی اصلاحات پر مشتمل رپورٹ کی منظوری دے دی اور فیصلہ کیا گیا کہ انتخابی اصلاحات کیلئے سیاسی جماعتوں سے مشاورت کی جائے گی۔ذرائع کے مطابق انتخابی اصلاحات رپورٹ میں سینیٹ انتخابات کے طریقہ کار میں تبدیلی کی تجویز دی گئی ہے ۔ کابینہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ وزارت پارلیمانی امور، وزیر قانون سے مل کر انتخابی اصلاحات کے دوسرے مرحلے پر کام کرے گی۔ نجی ٹی وی کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں کورونا وائرس پرقابو پانے کے لیے حکومت کے اقدامات اور معیشت پراس کے اثرات کم کرنے کاجائزہ لیا گیا اور وزیراعظم کو کورونا وائرس کی صورتحال پر بریفنگ بھی دی گئی۔وفاقی کابینہ نے اقتصادی رابطہ کمیٹی ( ای سی سی) اور توانائی کمیٹی کے فیصلوں کی توثیق کردی۔اس کے علاوہ وفاقی کابینہ نے قومی کمیشن برائے خواتین کے ممبران کی تعیناتی سمیت ادارہ شماریات کے ممبران کی تقرری کی بھی منظوری دے دی۔ذرائع کے مطابق سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی کے سی ای او کی تقرری کی سمری کابینہ نے مستردکردی ہے ۔