عمران خان تحریک عدم کی ناکامی کے بعد دھمکی نہ دیں جوکرناہے ابھی کرلیں،مرادعلی شاہ
شیئر کریں
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ عمران خان تحریک عدم اعتماد کی ناکامی کے بعد کی دھمکی نہ دے، میں انہیں کہتا ہوں جو کرنا ہے وہ ابھی کردیں، بعد میں انہیں وقت نہیں ملے گا۔کسی ممبر کو خریدا نہیں جارہا ہے، عوامی فیصلے کے تحت قومی اسمبلی کے ممبران ووٹ دینگے۔وہ ہفتہ کو سابق یونین کونسل چیئرمین جھانگارا تعلقہ سیہون سید غلام حسین شاہ کی برسی میں شرکت کے بعد میڈیا سے گفتگو کررہے تھے ۔ اس موقع پر پی پی کے رہنما رئیس امان اللہ شاہانی، مخدوم ضمیر،عمیر طارق باجاری، سردار حاکم خان نوحانی، شمن راہپوٹو، کے علاوہ ڈپٹی کمشنر جامشورو کیپٹن رٹائرڈ فرید الدین مصطفی اور ایس ایس پی جامشورو جاوید بلوچ اور دیگر بھی ان کے ہمراہ تھے۔ وزیر اعلی سندھ نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے لانگ مارچ میں صوبہ سندھ سے لیکر گلگت بلتستان اور کشمیر تک ہر علاقے کے عوام نے بھرپور شرکت کی اور موجودہ وفاقی حکومت کے خلاف اپنا فیصلہ سنا دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی کے ممبران کو عوام منتخب کرتے ہیں اور انہیں عوام میں واپس جانا بھی ہے جبکہ عدم اعتماد کی تحریک کی کامیابی میں قومی اسمبلی کے ممبران کا کردار ہوگا اور قومی اسمبلی کے ممبران کو عوام کی آواز سننی ہے امید ہے قومی اسمبلی کے ارکان عوام کے آواز کو ضرور سنیں گے اور عمران خان تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کے بعد وزیر اعظم نہیں رہیں گے۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ عمران خان سلیکٹڈ تھا اب اکیلا رہ گیا اور وہ ایک مایوس آدمی ہے، کراچی میں بھی ہم نے اس ہی مایوس آدمی کی زبان سنی۔ ایک سوال پر وزیر اعلی سندھ نے کہا کہ عمران خان تحریک عدم اعتماد کی ناکامی کے بعد کی دھمکی نہ دے، میں انہیں کہتا ہوں جو کرنا ہے وہ ابھی کردیں، بعد میں انہیں وقت نہیں ملے گا۔وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کے عوامی لانگ مارچ میں فیصلہ آگیا ہے۔ ہارس ٹریڈنگ کے سوال پر انہوں نے کہا کہ کسی ممبر کو خریدا نہیں جارہا ہے، عوامی فیصلے کے تحت قومی اسمبلی کے ممبران ووٹ دینگے۔