ضلع جامشورو میں سرکاری اراضی پر صائمہ بلڈرز کے قبضے
شیئر کریں
(خصوصی رپورٹ) ضلع جامشورو میں سرکاری اراضی پر بلڈرز مافیا کے قبضے ، ڈپٹی کمشنر جامشورو آفس سرکاری زمینوں کی تقسیم کی منڈی بن گیا، صائمہ بلڈرز اینڈ ڈیولپرز کے مڈ ٹاؤن کے بعد رومی سٹی کے نام سے پراجیکٹ لانچ کرنے کی تیاریاں، معاملات شہزاد نامی فرنٹ مین کے حوالے ، مقامی رہائشیوں کا کراچی اور حیدرآباد میں احتجاج کا اعلان، تفصیلات کے مطابق ضلع جامشورو کی تحصیل تھانہ بولا خان میں سرکاری اراضی پر بلڈرز کے قبضے جاری ہیں، ڈپٹی کمشنر جامشورو کا آفس سرکاری و نجی اراضی کی بلڈرز کو منتقلی کی منڈی بن گیا ہے ، گزشتہ سات سال سے ڈپٹی کمشنر جامشورو کے عہدے پر موجود کیپٹن ریٹائرڈ فرید الدین صدیقی کو بلڈر مافیا کا سہولت کار سمجھا جاتا ہے اور طاقتور ڈپٹی کمشنر کو کوئی ہلا بھی نہیں سکا ہے ، کچھ عرصہ قبل جامشورو ضلع کی طاقتور شخصیت اور ڈپٹی کمشنر میں معاملات خراب بھی ہوئے تھے تاہم طاقتور ڈپٹی کمشنر کے سامنے سیاسی شخصیت بے بس ہوگئی ، دہائیوں سے اپنی موروثی زمینوں پر موجود مقامی رہائشیوں کا ریونیو ریکارڈ تبدیل کرکے بلڈرز کے حوالے کرنے کا سلسلہ جاری ہے ، پانی کی گزرگاہوں کے قدرتی راستے بند کرنے سمیت قبضوں کو سلسلہ جاری ہے ، صائمہ بلڈرز اینڈ ڈیولپرز کی جانب سے مڈ ٹاؤن اسکیم کی آڑ میں ہزاروں ایکڑ پر قبضہ کرلیا گیا ہے جن کا کوئی ریونیو ریکارڈ موجود ہی نہیں ہے جبکہ اب مڈ ٹاؤن کے ساتھ رومی سٹی کے نام سے 500 ایکڑ پر مشتمل نیا پراجیکٹ لانچ کرنے کی تیاریاں کی جا رہی ہیں، مقامی رہائشیوں کے مطابق رومی سٹی کیلئے جدید ڈرون کے ذریعے علاقے کی اراضی کو ناپا جا رہا ہے جبکہ دونوں بلڈرز کے شہزاد نامی فرنٹ مین مسلح افراد اور بروکرز کے ساتھ علاقے میں گھوم رہا ہے اور لوگوں کو ہراساں کر رہا ہے ، مقامی رہائشیوں کے مطابق کوہستان میں مقامی آبادی کو بے دخل کرنے کے خلاف کراچی اور حیدرآباد پریس کلب کے آگے دھرنا دے کر احتجاجی تحریک کا آغاز کی تیاریاں کی جارہی ہیں۔