ایف بی آر نے عمر کوٹ میں 1 ہزار ایکڑ بے نامی زمین منجمد کردی
شیئر کریں
فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے اینٹی بے نامی یونٹ نے سندھ کے شہر عمر کوٹ میں 1000 ایکڑ کی بے نامی زمین کا سراغ لگا لیا۔تفصیلات کے مطابق ایف بی آر نے عمر کوٹ میں 1 ہزار ایکڑ بے نامی زمین کا سراغ لگا کر زمین منجمد کر لی ہے ، ذرایع کا کہنا ہے کہ زرعی اراضی دوسرے نام پر خریدی گئی جب کہ اصل خریدار کوئی اور ہے ۔ایف بی آر کے ذرایع کے مطابق اراضی 4 بے نامی داروں کے نام پر رجسٹرڈ ہے ، ان اداروں میں لولو مال، ایم آئی گاندھی، ٹی آئی گاندھی، کے آئی گاندھی شامل ہیں، اینٹی بے نامی زون تھری نے زمین منجمد کر لی، اور بے نامی اداروں کو نوٹس جاری کر دیے ۔نوٹسز میں ایف بی آر بے نامی زون کی جانب سے متعدد سوالات پوچھے گئے ہیں، زمین کے اصل مالک کون ہیں، زمین کسی اعلیٰ شخصیت نے چار بے نامی اداروں کے نام خریدی ہوگی، کس سے زمین خریدی، رقم کی ادائیگی کیسے ہوئی، سالانہ آمدنی کیا ہے ، اِنکم ٹیکس ریٹرن بھرا یا نہیں۔ذرائع کے مطابق زمین کی خریداری کے حوالے سے 90 دن میں سب کچھ بتانا ہوگا، تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں تو بے نامی ایکٹ قانون کے تحت زمین ضبط کر لی جائے گی۔