کورونا سے معیشت کو3 ہزار ارب کا دھچکا لگاحفیظ شیخ
شیئر کریں
مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ کا کہنا ہے کہ کورونا سے معیشت کو بڑا دھچکا لگا، جی ڈی پی کو 3ہزار ارب روپے کا نقصان ہوا۔ نئے بجٹ میں کوئی نیا ٹیکس نہیں لگے گا۔وزیراعظم عمران خان کو اقتصادی جائزہ پیش کرتے ہوئے حفیظ شیخ نے ٹیکس ہدف کے حصول میں ناکامی کا ذمے دار کورونا کو قرار دے دیا۔ میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ کا کہنا تھا کہ کورونا سے جی ڈی پی کو 3 ہزار ارب روپے کا نقصان ہوا، کورونا وائرس کے اثرات کا اندازہ لگانا آسان نہیں، ابھی اعتماد سے نہیں کہہ سکتے کہ کورونا کے نقصانات کتنے ہیں، اگلے 30 روز میں بہتر اندازہ ہوگا۔حفیظ شیخ نے کہا کہ کورونا وائرس سے عالمی معیشت پر برے اثرات مرتب ہوئے ہیں، آئی ایم ایف کا کہنا ہے کہ کورونا کی وجہ سے پوری دنیا کی آمدنی میں 3 سے 4 فیصد کمی ہوگی، ہم نے کورونا سے نمٹنے کے لیے مختلف اقدامات کیے، کورونا سے نمٹنے کے لیے 1240 ارب کا ایک پیکج دیا ، زرعی شعبے کو ریلیف کے لئے 50 ارب روپے دیے، یوٹیلٹی اسٹورز پر اربوں روپے کی سبسڈی دی اور آٹا، چینی سمیت اشیائے ضروریہ سستی کیں، ہم نے چھوٹے کاروبار کے 3 ماہ کے بل معاف کیے۔مشیر خزانہ کا کہنا تھا کہ کورونا کی وجہ سے مستحکم ہوتی ہوئی معیشت کو بھی دھچکا لگا، کوروناسے پہلے پاکستانی معیشت 3 فیصد کی شرح سے بڑھنے کی توقع تھی لیکن رواں مالی سال معاشی شرح نمو منفی 0.4 فیصد رہی۔