سندھ بلڈنگ حیدرآباد میں غیر قانونی تعمیرت کو تحفظ حاصل
شیئر کریں
اسسٹنٹ ڈائریکٹر اورنگزیب رضی اور جنید آرائیں رہائشی پلاٹوں کو کمرشل کرنے میں ملوث
لطیف آباد یونٹ نمبر 10میں دریا کے پیٹ پر قائم بسم اللہ ایکسٹینشن میں گھپلے، شہری پریشان
سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی حیدرآباد، لطیف آباد زون میں مبینہ کرپشن، غیر قانونی تعمیرات اور اختیارات کے ناجائز استعمال کے حوالے سے نئے انکشافات سامنے آنے لگے ہیں، جہاں اسسٹنٹ ڈائریکٹر اورنگزیب رضی اور جنید آرائیں پر رہائشی پلاٹوں کو مبینہ طور پر کمرشل قرار دے کر لاکھوں روپے رشوت وصول کرنے کے سنگین الزامات عائد کیے جا رہے ہیں۔ذرائع کے مطابق حیدرآباد کے علاقے لطیف آباد یونٹ نمبر 10میں دریا کے پیٹ پر قائم بسم اللہ ایکسٹینشن میں متعدد رہائشی پلاٹوں پر کمرشل تعمیرات کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے ، جبکہ ان غیر قانونی تعمیرات کے خلاف کارروائی کرنے کے بجائے بعض افسران مبینہ طور پر بلڈرز اور بااثر افراد کو مکمل سہولت فراہم کر رہے ہیں۔علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ رہائشی علاقوں میں کمرشل پلازے تعمیر ہونے کے باعث نہ صرف علاقے کا ماحول تباہ ہو رہا ہے ،بلکہ ٹریفک، پارکنگ، سیوریج اور بجلی کے مسائل میں بھی خطرناک حد تک اضافہ ہو چکا ہے ۔ شہریوں نے الزام عائد کیا کہ متعلقہ افسران مبینہ طور پر لاکھوں روپے رشوت لے کر غیر قانونی نقشے اور تعمیرات کو تحفظ فراہم کر رہے ہیں۔ذرائع کا دعویٰ ہے کہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر اورنگزیب رضی اور جنید آرائیں کے دور میں بسم اللہ ایکسٹینشن سمیت مختلف علاقوں میں غیر قانونی تعمیرات کے متعدد معاملات سامنے آئے ہیں، جہاں رہائشی پلاٹوں کو کمرشل استعمال میں تبدیل کر کے بھاری رقوم وصول کیے جانے کی شکایات عام ہو چکی ہیں۔ شہریوں اور سماجی حلقوں نے الزام عائد کیا ہے کہ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے بعض افسران کی مبینہ سرپرستی کے بغیر اتنی بڑی سطح پر غیر قانونی تعمیرات ممکن نہیں، جبکہ بلڈنگ مافیا کھلے عام سرگرم دکھائی دیتا ہے ۔علاقہ مکینوں نے وزیر بلدیات سندھ، ڈی جی سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی، کمشنر حیدرآباد اور اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ سے مطالبہ کیا ہے کہ لطیف آباد یونٹ نمبر 10میں دریا کے پیٹ پر قائم بسم اللہ ایکسٹینشن اور دیگر علاقوں میں جاری مبینہ غیر قانونی کمرشل تعمیرات، رشوت خوری اور اختیارات کے ناجائز استعمال کی شفاف تحقیقات کر کے ملوث افسران اور بلڈرز کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے ۔(نمائندہ جرأت)


