میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
بلوچستان ، کراچی کے خاندان پر فائرنگ ، دو خواتین جاں بحق، باپ بیٹی زخمی

بلوچستان ، کراچی کے خاندان پر فائرنگ ، دو خواتین جاں بحق، باپ بیٹی زخمی

جرات ڈیسک
هفته, ۱۵ اگست ۲۰۲۶

شیئر کریں

متاثرہ خاندان کاروباری سلسلے میں 2روز قبل تحصیل گلستان پہنچا تھا،پولیس حکام

گاڑی کو رکنے کا اشارہ ، نہ رکنے پر قبائلی گروہ نے فائرنگ کردی، ابتدائی تحقیقات

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

کراچی سے بلوچستان جانے والے خاندان پر فائرنگ میں 2 خواتین جاں بحق اور باپ بیٹی زخمی ہو گئے۔ بلوچستان کے ضلع قلعہ عبداللہ کے علاقے سیگی میں مسلح افراد نے ایک گاڑی کو فائرنگ کا نشانہ بنا دیا، جس کے نتیجے میں 2 خواتین جاں بحق اور باپ اور بیٹی زخمی ہوگئے۔

پولیس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ اس وقت پیش آیا جب گاڑی سیگی کے علاقے سے گزر رہی تھی۔ فائرنگ کے باعث گاڑی میں سوار 2 خواتین موقع پر ہی جان کی بازی ہار گئیں جبکہ باپ اور بیٹی زخمی ہوئے، جنہیں ابتدائی طبی امداد کے بعد تشویشناک حالت میں کوئٹہ کے ٹراما سینٹر منتقل کردیا گیا۔

جاں بحق خواتین کی میتیں ضروری کارروائی کے لیے عبدالرحمان زئی ہسپتال منتقل کی گئیں۔پولیس حکام کے مطابق متاثرہ خاندان کا تعلق کراچی سے ہے اور وہ کاروباری سلسلے میں 2 روز قبل تحصیل گلستان پہنچا تھا۔

ابتدائی تحقیقات میں بتایا گیا کہ گاڑی کو رکنے کا اشارہ کیا گیا تاہم گاڑی نہ رکنے پر مبینہ طور پر قبائلی گروہ کی جانب سے فائرنگ کی گئی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ سیگی کا علاقہ قبائلی تنازعات اور دشمنیوں کے باعث حساس تصور کیا جاتا ہے، جہاں عام شہریوں کی نقل و حرکت بھی محدود رہتی ہے۔

واقعہ کے محرکات جاننے اور فائرنگ میں ملوث افراد کی گرفتاری کے لیے پولیس نے مزید تحقیقات شروع کردی ہیں۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں