پی ٹی آئی کا اعتماد کے ووٹ میں غیر حاضر ارکان کے خلاف کارروائی کا فیصلہ
شیئر کریں
پی ٹی آئی نے گزشتہ روز اعتماد کے ووٹ کے لیے پنجاب اسمبلی میں غیر حاضر ارکان کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب کے اعتماد کے ووٹ میں 5 ارکان غیر حاضر رہے جن میں دوست مزاری، خرم لغاری، مومنہ وحید، فیصل چیمہ اور چودھری مسعود شامل ہیں۔ ترجمان پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ کے مطابق غیر حاضر ارکان کی نااہلی کے لیے ریفرنس بھیجا جائے گا۔ مسرت جمشید چیمہ کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی، ق لیگ اور آزاد امیدوار بلال وڑائچ سمیت 191 ووٹ تھے، ہمارے 5 اراکین اسمبلی غیر حاضر تھے۔ ترجمان پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ اراکین کے ضمیر خریدنے کے ڈرامے کا ڈراپ سین ہوگیا۔ انہوں نے کہا کہ رانا ثناء اللہ کو پرویزالہٰی کی ناکامی کا یقین دلانے والوں نے ہاتھ کر دیا، رانا ثنا اللہ نے کہا پنجاب حکومت لیے بغیر اسلام آباد نہیں جاؤں گا۔ ترجمان پنجاب حکومت نے کہا کہ وزیر داخلہ کو بتانا چاہتی ہوں پنجاب حکومت کوئی خیرات میں بٹنے والی چیز نہیں۔