ملکی خود مختاری پر بات آئی تو بھرپور جواب ملے گا،مراد علی شاہ
شیئر کریں
بھارت پاکستان کے ہاتھوں تاریخی شکست کو کبھی نہیں بھولے گا،وزیراعلیٰ سندھ
عوام پاک افواج کیساتھ کھڑے ہیں اور کھڑے رہیں گے،تقریب سے خطاب
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ بھارت پاکستان کے ہاتھوں تاریخی شکست کو کبھی نہیں بھولے گا،پاکستانی پُرامن قوم ہے،اگر خود مختاری پر بات آئی تو بھرپور جواب ملے گا۔ بھارت کے خلاف معرکہ حق،آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی کا ایک سال مکمل ہونے پر کراچی میں نیوی ڈاکیارڈ میں تقریب کا انعقاد کیا گیا،اس تقریب میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سمیت اعلیٰ حکومتی و عسکری شخصیات نے شرکت کی۔ اس موقع پر سید مراد علی شاہ نے یادگارِ شہدا پر پھول رکھے ۔ کراچی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ بنیان مرصوص، معرکہ حق نے واضح پیغام دے دیا کہ ملک کے خلاف جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائے گا،عوام اور ملک کی تمام سیاسی طاقتیں عسکری افواج کے ساتھ شانہ بشانہ ہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ گزشتہ سال آج کے دن دنیا نے دیکھ لیا کہ پاکستان کی افواج کس قدر قابل ہیں،دنیا میں کوئی بھی طاقت پاکستانی افواج کا مقابلہ نہیں کرسکتی،بنیان مرصوص،معرکہ حق نے واضح پیغام دے دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی خود مختاری ہمارے لیے سب سے پہلے ہے، عوام پاک افواج کے ساتھ کھڑے رہے اور ہمیشہ ساتھ کھڑے رہیں گے۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ بنیان مرصوص میں شہیدوں اور غازیوں کو سلامِ عقیدت پیش کرتے ہیں، بھارت نے میدان میں شکست کے بعد پروپیگنڈا کا سہارا لیا اور وہاں بھی منہ کی کھائی۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ پاکستانی پُرامن قوم ہے، اگر خود مختاری پر بات آئی تو بھرپور جواب ملے گا۔ پاکستان نے معرکہ حق میں دشمن کو عبرتناک شکست دی، پاکستان نے بھارت کے 8 طیارے گرائے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ معرکہ حق میں پاکستان نے ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے چند گھنٹوں میں بھارت کو دھول چٹائی۔


