سندھ حکومت پلاسٹک بیگ پر پابندی ممکن نہ بناسکی
شیئر کریں
سندھ حکومت پلاسٹک بیگ پر پابندی ممکن نہ بناسکی۔سکھر میں پلاسٹک اور پولی تھن بیگز کے استعمال پر پابندی کیلئے دیا گیا تین ماہ کا وقت مکمل ہو گیا ہے لیکن حکومتی پابندی کے باوجود پلاسٹک بیگز کا استعمال کثرت سے جاری ہے۔
سندھ حکومت نے تحفظ ماحولیات ایکٹ کے تحت پلاسٹک اور پولی تھن بیگز کے استعمال پر پابندی عائد کی تھی لیکن صوبائی حکومت اپنے ہی پاس کردہ بل پر عملدرآمد کرانے میں ناکام نظر آرہی ہے۔
صوبائی حکومت نے سندھ بھر میں پلاسٹک اور پولی تھین بیگز پر مرحلہ وار پابندی لگانے کا بل پاس کیا تھا جس کے تحت پہلے تین ماہ میں ضلع سکھر میں پلاسٹک بیگز کی خریدو فروخت اور استعمال کو مکمل ختم کرنا تھا لیکن انتظامی اور وزارت ماحولیات کی عدم دلچسپی کے باعث فیصلے پر فی الحال عملدرآمد نہیں ہوسکا۔
سندھ کابینہ نے 2018 میں فیصلہ کیا تھا کہ صوبے میں پولی تھین اور پلاسٹک بیگ کے استعمال پر مرحلہ وار پابندی عائد کی جائے گی جس کا آغاز سکھر سے ہوگا۔ سکھر کے بعد اس پابندی کو حیدر آباد، کراچی، میر پور اور لاڑکانہ میں نافذ کیا جانا تھا۔